0
Thursday 21 Mar 2013 19:19

شرپسند عناصر اسلام کا امیج خراب کرنے کیلئے بدامنی پھیلا رہے ہیں، گورنر پنجاب

شرپسند عناصر اسلام کا امیج خراب کرنے کیلئے بدامنی پھیلا رہے ہیں، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ملک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلانے اور ملک میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے میں علماء کرام کا کردار ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے علماء کرام اپنا فعال کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں علماء کے ایک وفد سے خطاب کے دوران کیا،جنہوں نے صاحبزادہ سید عمران حیدر کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام محبت، برداشت اور مساوات کا درس دیتا ہے جو تمام طبقات کے حقوق اور اُن کے تحفظ کو یقینی بنانے کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر عالمی سطح پر پاکستان اور اسلام کے امیج کو خراب کرنے کے لیے ملک میں بدامنی پھیلا رہے ہیں، ان حالات میں علماء کرام متحد ہو کر اسلام کے صحیح تشخص کو اُجاگر کرنے کے لیے کام کریں۔ سید احمد محمود نے کہا کہ قرآن و سنت ہمارے لیے مشعل راہ ہیں جبکہ اولیائے کرام نے بھی اپنی تعلیمات میں احترامِ انسانیت اور انسانی حقو ق کا پرچار کیا ہے، ان تعلیمات کو عام کر کے معاشرے کو امن اور محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اولیاء کرام کی تعلیمات کو فروغ دینے خصوصا تصوف کو سمجھنے اور معاشرے میں اس کا پرچار کرنے کے لیے علماء کرام موثر حکمت عملی کے تحت کام کریں اور وہ خود بھی مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے مل کر ایسے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

اس موقع پر علماء کے وفدکے سربراہ صاحبزادہ سید عمران حیدر نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کا کردار لائق تحسین ہے اور انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ گورنر پنجاب کونسل کو مزید فعال کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک ہمہ گیر مذہب اور مکمل ضابطہ حیات بھی ہے، اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر علماء کرام نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 248270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش