0
Tuesday 2 Apr 2013 14:44

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی نے جمعہ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی نے جمعہ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی نے جمعہ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ نمائش چورنگی پر دھرنے کے شرکاء سے علامہ مرزا یوسف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سرکاری ایجنسیوں کے اہلکاروں کے ذریعے شیعہ نوجوانوں اور بزرگوں کی گرفتاری اور اغوا کے خلاف ہم نے پریس کانفرنس کے ذریعے تمام بےگناہوں کی رہائی اور بازیابی کیلئے 48 گھنٹوں کا نوٹس دیا تھا تاہم اس دوران حکومت نے ہمارے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی لہذا حکومتی بےحسی کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کے روز سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس کے پہلے مرحلے میں شہر کے مختلف مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے جہاں شیعہ عوام جیل بھرو تحریک میں شمولیت کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کرائیں گے۔ اس دوران بھی اگر مطالبات پورے نہ کئے گئے تو علامہ مرزا یوسف حسین کی قیادت میں پہلا دستہ احتجاجاً اپنی گرفتاری پیش کرتے ہوئے جیل بھرو تحریک کا آغاز کردے گا۔

رہنماوں نے مزید کہا کہ ریاستی ادارے، پولیس اور حکومت شیعان علی پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع نے قربانی دے کر پاکستان بنایا ہے اور ملت تشیع پاکستان سے محبت کرتی ہے اور اس کی تعمیر و ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور جانبدار انتظامیہ بیگناہ شیعہ جوانوں کو بلاجواز گرفتار کرکے ان پر جھوٹے مقدمات قائم کرکے ایک طرف تو مکتب تشیع کو بدنام کر رہی ہے دوسری جانب شیعہ سنی مسلمانوں میں ایک دوسرے کیلئے نفرتیں پیدا کرنے کی ناپاک سازش کر رہی ہے۔ اس موقع پر شیعہ اسیروں کے عزیز و اقارب کی بھی بڑی تعداد میں موجود تھی۔ مظاہرین نے کراچی پولیس اور ظالم انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور اپنے عزیزوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 250825
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش