0
Monday 22 Apr 2013 19:18

نگراں حکومت کا پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنے سے انکار

نگراں حکومت کا پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ نگراں حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی سے انکار کر دیا۔ وفاق نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ عدالت نے مشرف کے وکلا کی موکل سے ملاقات کرانے کا دوبارہ حکم دیدیا۔ اٹارنی جنرل عرفان قادر نے عدالت عظمٰی کے تین رکنی بینچ کے روبرو وفاق کی طرف جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل سکس کے تحت کارروائی نہیں کر سکتی کیونکہ اس آرٹیکل کے تحت کارروائی اس کے مینڈیٹ میں نہیں آتی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پارلیمانی روایت رہی ہے کہ نگران حکومت خود کو روزانہ کے معاملات تک محدود رکھے اور اسے ایسے متنازعہ اقدام لینے سے گریز کرنا چاہیئے جن کا آنے والی حکومت ازالہ نہ کر سکے۔ اس لیے نگراں حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل اجلاس سمیت کچھ معاملات اگلی حکومت کیلئے چھوڑ دیئے ہیں۔ 

اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ آرٹیکل چھ پر کارروائی کے معاملے میں ویسے بھی کوئی جلدی نہیں۔ الیکشن میں صرف بیس دن باقی رہ گئے ہیں نگران حکومت نے ملک بھر میں بیس ہزار امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کرنی ہے جس کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ عدالت نے عبوری حکم میں کہا کہ وزارت داخلہ نے بتا دیا ہے کہ اس نے سنگین غداری کے مقدمے کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی اور سینیٹ کی قرارداد کے سوا سال بعد بھی کوئی کارروائی نہیں ہو سکی۔ عدالت نے پرویز مشرف کے تینوں وکلا کو اپنے مؤکل سے ملاقات کی سہولت دینے کا حکم دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 256812
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش