0
Monday 22 Apr 2013 20:19

پنجاب میں الیکشن مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دے دیا ہے، نجم سیٹھی

پنجاب میں الیکشن مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دے دیا ہے، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب میں عام انتخابات کے پرامن، غیر جانبدارانہ، شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب الیکشن مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دے دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے خصوصی ہاٹ لائن قائم کر دی ہے جہاں پر کوئی بھی شہری اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے اور اس شکایت کے فوری ازالہ کے لئے میکنزم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے تحت پولنگ سٹیشن سے لے کر پورے انتخابی عمل کی نگرانی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ سکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد کا بھی جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں شفاف اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور پنجاب الیکشن مانیٹرنگ سسٹم اس جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ان خیالات کا اظہار آج ایوان وزیراعلیٰ میں عام انتخابات کے مشاہدہ کیلئے آئے یورپی یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت یورپی یونین کے چیف الیکشن آبزرور مشن و ممبر یورپین پارلیمنٹ مائیکل گیلر (Mr. Michael Gahler) کر رہے تھے۔ سیاسی تجزیہ کار انٹجی گراوی (Ms. Antje Grawe) اور پریس آفیسر مسٹر پیٹر بسٹین ہیلبرگ (Mr. Peter Bastian Halberg) بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں عام انتخابات کے پرامن، شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے یورپی یونین کے مبصر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت عام انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، انتخابات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، امن و امان کی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے، عام انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے، سیاسی رہنماؤں، انتخابی جلسوں اور ریلیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے ہر اقدام اٹھایا جا رہا ہے اور ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے حوالے سے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں، عام انتخابات کا پرامن اور منصفانہ انعقاد بہت بڑا چیلنج ہے لیکن نگران حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے پنجاب الیکشن مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا گیا ہے، یہ ایک مربوط اور موثر ترین سسٹم ہے جس کے ذریعے پنجاب کے تمام پولنگ سٹیشنوں اور امیدواروں سمیت تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو بھی جدید سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جا رہا ہے، کسی بھی شکایت کو مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے فوری طور پر کنٹرول روم بھجوایا جاتا ہے جہاں سے متعلقہ حکام تک شکایت جاتی ہے اور فوری ایکشن لیا جاتا ہے، کوئی بھی شہری اپنے اینڈرائڈ موبائل فون کے ذریعے ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر کے تمام معلومات تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف اور پرامن عام انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، سیاسی رہنماؤں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی گئی ہے، کابینہ کی خصوصی کمیٹی ہر ڈویژن میں جا کر سکیورٹی پلان کا جائزہ لے رہی ہے، صوبے میں عام انتخابات کے مشاہدہ کیلئے آئے غیر ملکی مبصرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور سکیورٹی کے حوالے سے احتیاطی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں، نگران حکومت ذمہ داری کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے اور ہمارا ہر اقدام عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کی جانب اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح پر صوبائی الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی اور صوبائی سکیورٹی اینڈ پبلک سیفٹی مینٹیننس کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ صوبہ بھر میں حساس پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جہاں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پلان کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے جبکہ جلسوں اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے بلٹ پروف روسٹرم اور جیمرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ یورپی مبصرین نے وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے پنجاب میں عام انتخابات کا مرحلہ پرامن طریقے سے طے کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ڈی آئی جی آپریشنز نے صوبہ بھر میں عام انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے سے یورپی مبصرین کو بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 256833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش