0
Saturday 27 Apr 2013 22:56

بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کومے میں، اہلخانہ کو ایمرجنسی ویزا جاری

بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کومے میں، اہلخانہ کو ایمرجنسی ویزا جاری
اسلام ٹائمز۔ کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے حملے سے زخمی ہونے والے بھارتی جاسوس قیدی سربجیت سنگھ کی حالت تاحال تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ انہیں مصنوعی تنفس فراہم کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سربجیت کومے میں ہیں اور ان کی سرجری حالت بہتر ہونے پر کی جائے گی۔  ڈاکٹرز نے اگلےچوبیس گھنٹے اہم قرار دے دیئے، سربجیت کے وکیل کہتے ہیں سربجیت کی فیملی آج یا کل پاکستان آئے گی۔ بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ذرائع کے مطابق سربجیت سنگھ کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آ سکی، مسلسل کومے میں ہے، مصنوعی سانس سے زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، زندہ بچ جانے کے چانسز انتہائی کم ہیں۔ لاہور میں اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربجیت سنگھ کے وکیل اویس شیخ نے کہا پاکستان نے سربجیت سنگھ کی دوبیٹیوں اور بہن کو ویزہ جاری کر دیا ہے، سربجیت سنگھ کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
 
میڈیا کے مطابق لاہور میں کوٹ لکھپت جیل میں گذشتہ روز سزائے موت کی بیرک نمبر2 میں قید، سزائے موت کے قیدی عامر تانبے والا اور مدثر نے مبینہ طور پر سربجیت سنگھ پر اینٹوں اور تیز دھار پتریوں سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا جس کے بعد سربجیت کو انتہائی تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال داخل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور اسے رات سے ہی وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کے جبڑے کی 2 ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں جبکہ سر پر لگنے والی چوٹ کے باعث خون اندر ہی بہہ گیا ہے۔ واضح ‌رہے کہ کوٹ لکھپت جیل سزائے موت کی کوٹھڑی نمبر7 میں بند بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر قیدیوں نے اس وقت حملہ کیا جب وہ پھانسی کی کوٹھڑی کے باہر ٹہلائی کے بعد واپس اپنی کوٹھڑی میں لوٹ رہا تھا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری نے جناح ہسپتال کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے اور آئی سی یو جانے والے تمام داخلی اور خارجی راستے عام لوگوں کے لئے بند ہیں۔ 

ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے سربجیت سنگھ کے اہل خانہ کو ایمرجنسی ویزا جاری کر دیا ہے۔ اہل خانہ جنرل ہسپتال میں سربجیت سنگھ سے ملنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی اجازت کے بعد بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری سی ایس داس نے جناح اسپتال میں سربجیت سنگھ کی عیادت اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق سربجیت سنگھ جیل میں غیر قانونی کینٹین چلاتا تھا، کینٹین پر لین دین کا تنازعہ ہوا، جس پر عامر تانبہ اور مدثر نے سربجیت سنگھ پر حملہ کیا، سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والے قیدیوں کےخلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جیل انتظامیہ کا کہنا ہے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 258598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش