0
Monday 13 May 2013 21:18

کراچی کی علیحدگی کا شیطانی کھیل کامیاب نہیں ہونے دینگے، لیاقت بلوچ

کراچی کی علیحدگی کا شیطانی کھیل کامیاب نہیں ہونے دینگے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الطاف حسین قوم کو گمراہ اور اپنے عالمی سرپرستوں کو خوش کر رہے ہیں، کراچی میں مسئلہ متحدہ کے مینڈیٹ کا نہیں جعلی، فریبی، گن پوائنٹ پر منظم دھاندلی کا ہے، الطاف حسین اور ان کی متحدہ جھوٹے اور ٹھپہ مینڈیٹ کے عادی ہیں، پرامن اور غیر جانبدارانہ انتخابات انہیں ’’وارا‘‘ نہیں کھاتے، ایم کیو ایم کے ریکارڈ ووٹ مذاق اور ریکارڈ فراڈ عیاں ہے، کراچی کو ملک سے الگ کرنے کا شیطانی کھیل کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر الطاف حسین کا جمہوریت پر ایمان ہے اور کراچی کے مینڈیٹ کے دعوے دار ہیں تو درست فہرستوں، آئین کے مطابق حلقہ بندیوں اور شفاف پرامن اور غیر جانبدارانہ انتخابات سے کیوں گھبراتے ہیں، پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری قوتوں کے لیے فیصلہ کن مرحلہ ہے کہ یک آواز ہو جائیں اور کراچی حیدر آباد میں ازسرنو غیرجانبدانہ انتخابات کے لیے دباؤبڑھایا جائے، کراچی حیدر آبادمیں امن واپس لانے اور اقتصادی پہیہ چلانے کیلئے واحد حل سیاسی اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مرکز اور صوبوں کی سطح پر ہر پارٹی کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے، محلاتی اور روایتی سازشوں کے ذریعے ملک میں انارکی، بغاوت اور مایوسی کی بنیاد فراہم نہ کی جائے، صوبہ خیبر پختونخوا میں تمام جماعتوں کو صبر، تدبر اور قومی مفادات کی بنیاد پر فیصلے کرنا ہوں گے۔ جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا میں اصولی بنیادوں پر فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں، آمریت کے دور کی بجائے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی سیاست وقت کا تقاضا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابات کی تکمیل کے بعد انتخابات میں اپنی کارکردگی، عوامی رجحانات، تنظیم اور کارکنان کی تربیت و اصلاح کی جانب بھر پور توجہ دے گی، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے، قرآن و سنت کے نظام اور عوام کو ظلم و جبر اور جہالت کی تاریکی سے نکالنے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست ہوئی ہے لیکن دینی جذبے، انسانیت کی خدمت اور دعوت و تربیت کے جذبے جواں اور عزم نو کے ساتھ کام کے لیے کارکنان تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 263539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش