0
Thursday 16 May 2013 14:08

برطانوی حکومت پاکستان توڑنے کی بات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، معراج الہدیٰ صدیقی

برطانوی حکومت پاکستان توڑنے کی بات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، معراج الہدیٰ صدیقی
اسلام ٹائمز۔ گیارہ مئی کے انتخابات میں ہونے والی بدترین دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت شہر بھر میں دئیے جانے والے دھرنے پانچویں روز بھی جاری رہے۔ مین یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال میں زبردست احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں کراچی کے ہزاروں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جعلی انتخابات پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ دھرنا رات گئے تک جاری رہا دھرنے سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، نائب امراء اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء حافظ نعیم الرحمن، نصراللہ خان شجیع، سید محمد اقبال، ضلع شرقی کے امیر اسامہ رضی، سابق رکن صوبائی اسمبلی حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ کراچی کے عوام پاکستان توڑنے والے کسی لیڈر کے ساتھ نہیں، کراچی کے عوام ملک توڑنے والوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے اب وہ زمانہ گذر گیا جب ملک توڑنے کی بات کی جاتی تھی عوام اب بیدار ہیں اور جیوے جیوے پاکستان کا نعرہ بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام دیکھنا چاہتے ہیں کہ برطانوی پولیس پاکستان توڑنے کی بات کرنے والے الطاف حسین کے خلاف کیا کارروائی کرتی ہے؟ انہوں نے فخر الدین جی ابراہیم سے کہا کہ کراچی پکار رہا ہے عوام اپنے جمہوری حق کیلئے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انتخابات کے بائیکاٹ کرنے پر مجبور کیا گیا کیونکہ گیارہ مئی کو کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر آزادانہ اور شفاف پولنگ کے کوئی انتظامات نہیں تھے، متحدہ کے ہاتھوں پورا انتخابی عمل یرغمال بن چکا تھا آج الیکشن کمیشن صرف ایک حلقے میں پولنگ کرانے کی بات کررہا ہے لیکن پورے کراچی میں دوبارہ پولنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے بھی متحدہ کے ٹھپہ مافیا کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور سوشل میڈیا پر تو متحدہ کے کرتوتوں کی ویڈیوز اور تصاویر کھلا ثبوت ہیں کہ متحدہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 264525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش