0
Friday 17 May 2013 10:30

نواز شریف امن اور مصالحت کے داعی ہیں، سجاد لون

نواز شریف امن اور مصالحت کے داعی ہیں، سجاد لون
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے پاکستان کے حالیہ انتخابات میں نواز شریف کی جیت پر اُنہیں مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ نواز شریف بھارت اور پاکستان کے درمیان تعطل کا شکار ہوئے امن عمل کو بحال کریں گے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف امن اور مصالحت کے ایک داعی ہیں اور انہوں نے پہلے بھی نئی دہلی کے ساتھ بات چیت شروع کرتے ہوئے تاریخی اقدام کیا تھا، جسکی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان قربت اور آپسی تعاون کی راہ ہموار ہوگئی تھی، سجاد غنی لون نے عمران خان کو بھی انتخابات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے روایتی سیاسی کلچر اور کو چیلنج کرکے تبدیلی کیلئے اور اپنے ملک کے عوام کو انصاف، امن اور اقتصادی بہتری کیلئے ایک امید دی ہے، انہوں نے کہا کہ تشدد اور دھمکیوں کے باوجود جس طرح رائے دہندگان نے انتخابات میں حصہ لیا، اسکے نتیجے میں پاکستان امن اور ترقی کے ایک غیر معمولی دور میں داخل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے انتخابات میں بھر پور حصہ لیکر کر تبدیلی کے خواب کے حق میں اپنی رائے دی ہے اور اس طرح سے اس طبقے نے بھی پولنگ بوتھوں کا رخ کیا جو روایتی طور پر ان سے دور رہتے تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں نے بھی اس بات کا بھر پور مظاہرہ کیا کہ محض نکتہ چینی سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ ایماندار اور قابل لیڈران کو کامیاب بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ خواہ پاکستان ہو یا جموں کشمیر، تبدیلی نا گزیر ہے، اور اس ضمن میں عوام کے بھر پور جذبات ایک اُمید ہے، جس کے ذریعے بد انتظامی کا شکار قوموں کیلئے ایک نئی صبح پیدا ہو جس میں انصاف، یکساں حقوق اور ایماندار حکمرانی سیاست کی نشانی ہو، سجاد لون نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کو پاکستان کے ان تعلیم یافتہ اور وطن پرست نوجوانوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے جو تبدیلی کے معاون بنے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 264734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش