0
Thursday 23 May 2013 14:10

طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے ای ایس سی کی انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے، جماعت اسلامی

طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے ای ایس سی کی انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ خان شجیع، یونس بارائی اور حمید اللہ خان ایڈووکیٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں شہر میں جاری طویل دورانیے کی اذیت ناک لوڈشیڈنگ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، عوام کے تمام تر احتجاج کے باوجود کے ای ایس سی انتظامیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام ہے، بجلی کے تعطل سے جہاں ایک جانب کاروباری و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں وہیں دوسری جانب ہسپتالوں میں مریض مشکلات سے دوچار اور امتحانات کی تیاریوں میں مصروف طلبہ و طالبات کو بھی سخت ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں 10 سے 16 گھنٹے طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں، مختلف علاقوں میں عوام دھرنا دئیے بیٹھے ہیں جس سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہورہا ہے، اگر یہی صورتحال جاری رہی تو شہر میں نقص امن کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور عوام کو اذیت سے بچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 266783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش