0
Monday 10 Jun 2013 19:01

پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا، ڈرون حملے کسی صورت قبول نہیں، صدر زرداری

پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا، ڈرون حملے کسی صورت قبول نہیں، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمانی سال کے آغاز پر مسلسل چھٹی بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب اعزاز ہے۔ جمہوریت کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے قربانیاں دیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نواز شریف عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انتخابات میں بھرپور حصہ لینے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اقتدار کی پرامن منتقلی باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پاکستان میں آمریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے کسی صورت قبول نہیں، یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاون ثابت نہیں ہو رہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ اسلامی دنیا سے تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسن طریقے سے اقتدار کی منتقلی کا سہرا سیاسی جماعتوں کو جاتا ہے۔ تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، ذرائع ابلاغ کی آزادی ہر صورت برقرار رہنی چاہئے، بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنا کر تجارت کو فروغ دیا جائے۔ صدر زرداری نے کہا کہ گذشتہ پارلیمنٹ نے حقیقی معنوں میں آئین کو جمہوری بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ چین کے ساتھ تعلقات خارجہ پالیسی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں۔ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بین الاقوامی قوانین کے مطابق چاہتے ہیں۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اِس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ نواز شریف توقعات پر پورا اُتریں گے، الیکشن میں حصہ لے کر عوام نے جمہوریت کو مضبوط کیا، آج کے پاکستان میں آمریت کی کوئی گنجائش نہیں، جمہوریت کے دُشمنوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، انتخابی نتائج پر تحفظات ہیں لیکن جمہوری عمل کے مکمل ہونے پرخوشی ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کے دوران صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ ہم نے جمہوریت کیلئے بہت قربانیاں دیں، بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں، میں 8 سال جیل میں رہا، اور جمہوریت کے لئے نواز شریف جلا وطن کئے گئے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کی کامیابی سے غیر جمہوری قوتوں کو جھٹکا لگا، پارلیمنٹ نے آئین سے غیر جمہوری شقوں کو نکال دیا، آگے بڑھنے کیلئے مصالحت سے کام لینے کی ضرورت ہے، عوام نے ووٹ کے ذریعے غیر جمہوری قوتوں کو مسترد کیا، آئین کو معطل کرنا یا توڑنا بغاوت ہے، مجھے اُمید ہے نئی حکومت درپیش چیلنجز سے نمٹے گی۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ ڈرون حملے قومی خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ہم افغانستان میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں۔ معذور افراد کو مفید شہری بنانے کیلئے انھیں قومی دھارے میں لانا ہوگا۔ صدر زرداری کی تقریر پر پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے ڈیسک بجائے جبکہ وزیراعظم نواز شریف سمیت (ن) لیگ کے ارکان نے ڈیسک نہیں بجائے۔
خبر کا کوڈ : 272323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش