0
Sunday 16 Jun 2013 09:17

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے سانحہ زیارت اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے سانحہ زیارت اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائمقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج کی طالبات کی بس میں دھماکے اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں میڈیکل کی طالبات سمیت اعلٰی سرکاری افسران، دیگر معصوم اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ گذشتہ روز قائد اعظم ریذیڈنسی زیارت میں شرپسندوں کی جانب سے راکٹ حملوں کے نتیجے میں تاریخی اور قومی ورثے کو تباہ کرنے کی کوشش اور اگلے روز پھر دہشت گردی اور لاقانونیت کا راج گہری اور منظم سازش کا حصہ ہے اور پاکستانی عوام یہ سوچنے اور سمجھنے پر مجبور ہیں کہ ایسے شرپسند اور خونی عناصر یا تو خود اس قدر قوی اور طاقتور ہیں یا انہیں منظم اور طاقتور قوتوں کی سپورٹ حاصل ہے کیونکہ اس قدر دیدہ دلیری سے کارروائیاں کسی کے بس کی بات نہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ ایک مدت سے ملک کے طول و عرض خاص طور پر کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کا عملاً راج ہے اور بڑے بڑے سانحات کے نتیجے میں سینکڑوں معصوم اور قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں لیکن آج تک نہ تو ان سانحات کے پس پردہ حقائق اور محرکات عوام کے سامنے لائے جاسکے اور نہ ہی ان سفاک دہشت گردوں کو قانون کے شکنجے میں جکڑ کر ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا گیا۔ انہوں نے بولان میڈیکل کالج کی درجنوں طالبات کی شہادت اور بولان ہسپتال میں جاں بحق افراد کے لواحقین و پسماندگان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور یہ بات زور دے کر کہی کہ ریاست کے ذمہ داران اور قانون و امن و امان کے ضامن اداروں کو اپنا فرض منصبی سمجھتے ہوئے ملک سے بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ عوام امن و سکون سے زندگی گزار سکیں اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 273937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش