0
Saturday 22 Jun 2013 22:03

پشاور، جامعہ شہید عارف الحسینی پر حملے میں ملوث 2 مبینہ دہشتگرد گرفتار

پشاور، جامعہ شہید عارف الحسینی پر حملے میں ملوث 2 مبینہ دہشتگرد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دونوں حملہ آور ایک خودکش حملہ آور کے ساتھ مدرسے اور مسجد کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے تھے۔ یہ دونوں بھی خودکش حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔ ایک دہشتگرد کی عمر 20 سال بتائی جا رہی ہے۔ دونوں دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ کل کے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز رات گئے دھماکے کا ایک اور زخمی اسپتال میں چل بسا۔ 28 زخمیوں میں سے 2 زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ ایس پی رورل شفیع اللہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب چمکنی کے علاقے گلشن کالونی میں واقع اس کمپاؤنڈ میں نماز جمعہ کا خطبہ شروع ہو رہا تھا۔

پولیس کے مطابق 3 حملہ آوروں نے عمارت میں گھسنے کی کوشش، تاہم انہیں دو محافظوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ 2 حملہ آوروں کو عمارت میں داخل ہونے سے روک لیا گیا، تاہم تیسرا دہشتگرد دونوں گارڈز کو جاں بحق کرنے کے بعد عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عہدے دار عبدالحق نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ شدید نوعیت کا تھا اور حملہ میں 6 سے 7 کلو گرام بارودی مواد جبکہ 4 کلو گرام چھرے استعمال کئے گئے۔

صوبے کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حملہ میں 14 ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے حکام کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 30 زخمیوں کو لایا گیا ہے، جس میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے دھماکے میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی اداروں کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا حملے میں کالعدم تحریک طالبان کا فضل اللہ گروپ ملوث ہے۔
خبر کا کوڈ : 275857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش