0
Saturday 22 Jun 2013 23:43

جامعہ شہید الحسینی پشاور میں بم دھماکے کیخلاف لاہور میں شیعہ علماء کونسل کا احتجاجی مظاہرہ

جامعہ شہید الحسینی پشاور میں بم دھماکے کیخلاف لاہور میں شیعہ علماء کونسل کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر جامعہ شہید عارف حسین الحسینی میں ہونے والے بم دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ مظہر عباس علوی کی زیر قیادت ہونے والے مظاہرے میں جعفریہ یوتھ اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان بھی شریک تھے۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے امریکہ، حکومت اور دہشت گردوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ ملت جعفریہ کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گذشتہ حکمرانوں کی طرح موجود حکومت بھی دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران امریکی خوشنودی کے لئے مصروف عمل ہیں جبکہ نہتے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ سینیر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ شہادتوں سے ڈرنے والی نہیں، مگر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شیعیان حیدر کرار کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ قائد شہید عارف حسین الحسینی کے خانوادے کو ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکومت نے دہشت گردوں کو لگام نہ ڈالی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے سے شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن کے صدر شہباز حسین نقوی، ضلعی صدر مولانا شمس عباس نقوی، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کے صدر محسن علی چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 275869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش