0
Tuesday 16 Jul 2013 15:28

صدارتی انتخاب 6 اگست کو ہوگا، چیف الیکشن کمشنر نے منظوری دیدی

صدارتی انتخاب 6 اگست کو ہوگا، چیف الیکشن کمشنر نے منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں صدارتی انتخاب 6 اگست کو کرانے کی منظوری دے دی۔ اس سے قبل صدارتی انتخاب سے متعلق سمری چیف الیکشن کمیشنر کو ارسال کی گئی تھی۔ جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی منظوری کے بعد ملک بھر میں صدارتی انتخاب 6 اگست کو کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صدارتی انتخاب سے متعلق شیڈول حتمی منظوری کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دیا گیا تھا، نئے منتخب ہونے والے صدر موجودہ صدر آصف زرداری کی مدت ختم ہونے پر حلف اٹھائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری 9 ستمبر کو اپنے عہدے کی مدت پوری کریں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے منظور ہونے والے شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب 6 اگست کو ہوں گے، جب کہ 7 اگست کو صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے، جب کہ 26 جولائی کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ 29 جولائی کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے۔

صدارتی انتخاب کا عمل 9 اگست سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، آئین کے تحت صدر کی مدت پوری ہونے سے 30 روز قبل انتخاب کرانا ضروری ہے، جبکہ صدر کے مستعفی ہونے کی صورت میں 30 روز کے اندر انتخاب کرانا ہوتا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار صدر اپنی آئینی مدت پوری کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ صدر کی موجودگی میں نئے صدر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ یاد رہے کہ آئین کے آرٹیکل 41 کے مطابق صدر کی 5 سال کی مدت پوری ہونے کے بعد قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا، آئین میں صدر پاکستان کا مسلمان ہونا شرط ہے جبکہ صدارتی امیدوار کی عمر 45 سال سے کم نہیں ہونی چاہئے۔ صدارتی انتخابات کے لئے ریٹرننگ افسران کے فرائض چیف الیکشن کمشنر ہی انجام دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 283672
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش