0
Friday 19 Jul 2013 22:01

پی ایل ایف کے وفد کی علامہ عباس کمیلی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور شہلا رضا سے ملاقات

پی ایل ایف کے وفد کی علامہ عباس کمیلی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور شہلا رضا سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی سربراہی میں جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، جماعت اسلامی پاکستان سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان کو بائیس جولائی کو ہونے والی بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان ’’ فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر ‘‘ میں شرکت کی دعو ت دی ہے۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد میں علامہ قاضی نورانی کے ہمراہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر ذیشان حیدر اور علی احمر سمیت مدثر حسین اور دیگر بھی شامل تھے۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران جعفریہ لائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں سے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور انسانیت سے منسلک ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت بین الاقوامی ادارے مسئلہ فلسطین کے حل میں اپنا کردار ادا کریں اور لاکھوں فلسطینی جو اپنی سر زمین سے بے گھر ہو چکے ہیں ان کو فلسطین واپس لانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقد کئے جانے والے پروگراموں پر خراج تحسین پیش کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ بائیس جولائی کو ریڈیو پاکستان آڈیٹوریم نزد سوک سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان ’’ فلسطین مسلم امہ کے اتحا د کا مظہر ہے ‘‘ میں یقینی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے علامہ عباس کمیلی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ اور شہلا رضا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے سیاسی و اخلاقی حمایت کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ فلسطین کا دفاع ہی در اصل پاکستان کا دفاع ہے۔
خبر کا کوڈ : 284837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش