0
Wednesday 21 Aug 2013 23:51

بھارت کا بغیر اطلاع سیلابی ریلہ چھوڑنا پاکستان پر آبی بم پھینکنے کے مترادف ہے، انجینئر نوید قمر

بھارت کا بغیر اطلاع سیلابی ریلہ چھوڑنا پاکستان پر آبی بم پھینکنے کے مترادف ہے، انجینئر نوید قمر
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر نے کہا ہے کہ بھارت شروع دن سے جارحانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ بغیر اطلاع کے سیلابی ریلہ چھوڑنا پاکستان پر آبی بم پھینکنے کے مترادف ہے، جو لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے بڑی جارحیت ہے۔ جماعة الدعوة اندرون سندھ میں ممکنہ سیلابی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کی طرف بڑھتے ہوئے سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ممکنہ تباہ کاریوں کے پیش نظر منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاونڈیشن کے ضلعی اور ٹاون ذمہ داران شریک تھے۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت و دوستی کی باتیں کرنے والے جان لے کہ بھارت کبھی بھی ہمارا خیر خواہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو نقصان سے دوچار کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں جانے دیتا۔ حالیہ دنوں میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال بھارتی جارحیت اور دریاوں میں پانی چھوڑنا اس کی واضح دلیل ہے۔ 

بھارت پاکستانی دریاوں پر ڈیم بنا کر ہمارے حصے کا پانی بھرپور طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔ برسات کے موسم میں انہی ڈیموں سے پانی چھوڑ کر پاکستان کی آبادیوں اور فصلوں کو تباہ کر کے رکھ دیتا ہے۔ انجینئر نوید قمر نے سندھ میں ممکنہ سیلابی تباہ کاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جماعة الدعوة سیلابی صورت حال پر بخوبی نظر رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث کسی بھی بڑے خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام تنظیمی پروگرامات منسوخ کر کے کارکنان و رضاکار امدادی سرگرمیوں کے لئے تیاریاں کریں۔ انجینئر نوید قمر کا کہنا ہے کہ ماضی کی قدرتی آفات اور سیلابی تباہ کاریوں میں جماعة الدعوة کا رفاہی ادارہ فلاح انسانیت فاونڈیشن اپنی برق رفتار ریسکیو آپریشن کی بدولت تباہ کاریوں سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی کی طرح اب بھی مصیبت کے ان لمحات میں اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 294646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش