0
Thursday 22 Aug 2013 00:11

بلدیاتی بل پرخاموشی نے متحدہ اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ کا پردہ فاش کر دیا ہے، شمشاد غوری

بلدیاتی بل پرخاموشی نے متحدہ اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ کا پردہ فاش کر دیا ہے، شمشاد غوری
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ کراچی کی عوام آنکھیں کھلی رکھیں، دہشت گرد جماعت متحدہ 11 مئی جیسا ماحول دوبارہ پیدا کرنے اور انتخابی دھاندلیوں کی سازششیں رچانے کو تیار بیٹھی ہے۔ عوام عہد کر لے کہ اس ضمنی انتخابات میں دہشت گرد جماعت متحدہ کو نہیں بلکہ عوام سے مخلص جماعت کو کامیاب کرائے گی۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے انھیں اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور آفاق احمد کی قیادت پر مکمل اعتماد کی یقین دہانی کرائی۔ شمشاد خان غوری نے کہا کہ عوام جان لے کہ الطاف سے جڑے کسی امیدوار کی دھاندلی کے بغیر فتح ممکن ہی نہیں۔ متحدہ روز اول سے انہی گھناﺅنے ہتھکنڈوں کا استعمال کرتی آ رہی ہے تاکہ مزید معصوم عوام کو جہالت، بدحالی اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیلا جا سکے اور کراچی کی عوام کو کوئی پوچھنے والا نہ رہے اور متحدہ بآسانی کراچی کو بیرونی ہاتھوں میں سونپ سکے۔
 
شمشاد خان غوری نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو یہ یاد دلاتے چلیں کہ عوام ابھی ماضی کے زخم بھولی نہیں ہے۔ اپنے پیاروں کا سڑکوں پر بہتا خون اور ان کی کفن میں لپٹی لاش آج بھی یہ پکار رہی ہے کہ میں کس ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں لہذا اب اپنے بہتر مستقبل کا فیصلہ عوام سوچ سمجھ کر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی بل پر متحدہ کی خاموشی نے ماضی کے مفاد پرست اتحاد اور مفاہمت پر مر مٹنے والوں کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت اس عمل سے متحدہ اور پیپلز پارٹی کے اندرونی گٹھ جوڑ کا پردہ فاش ہو چکا ہے جس کی اصلیت بہت جلد عوام کے سامنے کھل کر آ جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 294650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش