0
Thursday 29 Aug 2013 09:03

شام کو حملہ آوروں کا قبرستان بنا دینگے، شامی وزیراعظم، اسرائیل اور ترکی میں فوج الرٹ

شام کو حملہ آوروں کا قبرستان بنا دینگے، شامی وزیراعظم، اسرائیل اور ترکی میں فوج الرٹ
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے شام کیخلاف فوجی کارروائی کی راہ ہموار کرنے کیلئے اپنے اتحادیوں سے روابط تیز کر دیئے ہیں۔ اکیس اگست کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات کے بعد سے صدر اوباما اور وائٹ ہاوٴس کے اعلٰی عہدیدار ابتک 88 کالز کرچکے ہیں۔ ادھر شامی وزیراعظم وائل الحلقی کا کہنا ہے کہ شام کو حملہ آوروں کا قبرستان بنا دیں گے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نیوز نے شام کے سرکاری ٹیلی ویژن کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایسے وقت میں جب مغربی ممالک کی طرف سے شام کو دھمکیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور شام پر ممکنہ فوجی حملے کے سائے گہرے ہوتے جا رہے ہیں، شامی وزیراعظم وائل الحلقی نے خبردار کیا ہے کہ حملے کی صورت میں شام کو حملہ آورں کا قبرستان بنا دیں گے۔ شام کے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شام اپنی دفاعی صلاحیت سے حملہ آوروں کو حیران کر دیگا، بالکل اسی طرح جیسے 1973ء کی جنگ میں دشمنوں کو حیران کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ شام کو حملہ آوروں کے قبرستان میں تبدیل کر دینگے۔ وائل الحلقی نے جنگ کی آگ بھڑکانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری استعماری دھمکیوں سے ملت شام جو کہ ذلت و خواری کو قبول نہ کرنے کا عزم و ارادہ کرچکی ہے، قطعاً مرعوب و خائف نہ ہوگی۔ شامی وزیراعظم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مغربی ممالک شام کے خلاف اپنی شکست کے نتیجے میں ایک جھوٹی کہانی کے بہانے شام میں فوجی مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔ 

شام کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کیخلاف امریکہ، برطانیہ اور فرانس اگلے چند روز میں فوجی کارروائی کرسکتے ہیں۔ ادھر اسرائیل نے شام پر ممکنہ فوجی حملے کے پیش نظر اپنے دفاع کی تیاریاں شروع کر دیں۔ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ شام پر حملے کے سب سے زیادہ اثرات اسرائیل پر مرتب ہوں گے، اس سلسلے میں اسرائیلی فوج نے حفاظتی اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔ اسرائیل نے اپنے میزائل ڈیفنس سسٹم آئرن ڈوم کا رخ شمالی سرحد کی جانب کر دیا ہے، ریزرو فوجیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

شام نے بھی ممکنہ امریکی حملے کے لئے خود کو تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ بدھ کو شامی فوجیوں کو دمشق کے اہم علاقوں میں تعینات کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ادھر ترکی میں بھی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں شام کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور امکان ہے کہ شام پر امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے آج (جمعرات) ہی حملہ شروع کر دیا جائے گا۔ بدھ کو واشنگٹن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا۔ برطانیہ نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کے حوالے سے سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کر رکھی ہے، جس پر بدھ کو بحث کی گئی، تاہم روس اور چین نے خبردار کیا کہ شام کیخلاف فوجی کارروائی کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ اجلاس میں برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکی نمائندوں نے شرکت کی۔

بدھ کو پینٹا گون چیف چگ ہیگل نے جرمن وزیر دفاع کو فون کرکے شام کے خلاف عالمی ردعمل پر بات چیت کی۔ اسلامی تعاون کی تنظیم نے بھی شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ استعمال کو وحشیانہ جرم اور مذہبی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ او آئی سی کے سربراہ اکمل الدین احسان اوگلو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ شام کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ دوسری طرف امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ شام پر ابھی جنگ کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 296591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش