0
Saturday 3 Jul 2010 09:19

دہشت گرد گروپوں کے متعدد اہم افراد گرفتار،22 ٹن اسلحہ کا ذخیرہ برآمد

لاہور،دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،چھ دہشت گرد گرفتار
دہشت گرد گروپوں کے متعدد اہم افراد گرفتار،22 ٹن اسلحہ کا ذخیرہ برآمد
  لاہور:اسلام ٹائمز-نوائے وقت کے مطابق حکومت پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب پولیس نے صوبے کے مختلف علاقوں میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث مختلف گروہوں کے اہم افراد کو گرفتار کر لیا،دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا،جس کا وزن 22 ٹن ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں عبادت گاہوں اور راولپنڈی میں پریڈ لین پر حملے میں ملوث ملزم بھی شامل ہیں۔دہشت گردوں سے مختلف سکیورٹی اداروں کی وردیاں بھی برآمد ہوئیں۔گرفتار دہشت گردوں سے صوبے میں مختلف گروہوں کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل ہوئی ہیں۔حکومت پنجاب نے یقین کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کی اتنی بڑی تعداد میں گرفتاری بڑی کامیابی ہے،جس سے دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے میں مدد ملے گی۔ 
نجی ٹی وی کے مطابق ملزموں سے ساڑھے 30 ہزار کلو دھاکہ خیز مواد،90 دستی بم،ایک ہزار لٹر کیمیکل،واکی ٹاکی،ایلیٹ فورس کے 24 یونیفارم پکڑے گئے۔حساس اداروں نے کارروائی کے دوران 4 مبینہ دہشتگرد گرفتار کر لئے۔ملزموں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور حساس مقامات کی فہرست برآمد کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق چاروں مبینہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق ان دہشتگردوں نے ایلیٹ فورس کی یونیفارم پہن کر مناواں حملے کی طرز پر کارروائی کرنا تھی۔برآمد کئے گئے اسلحہ اور دیگر سامان میں 30 ہزار 6 سو کلو دھماکہ خیز مواد،90 دستی بم،400 فیوز، 26 واکی ٹاکی سیٹ ایک ہزار لٹر کیمیکل،ایلیٹ فورس کے 24 یونیفارم شامل ہیں۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا اگلا ہدف نواز شریف تھے۔
لاہور،دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،چھ دہشت گرد گرفتار 
اے آر وائی نیوز کے مطابق سی آئی اے پولیس لاہور اور حساس اداروں نے لاہور کے مختلف علاقوں سے چھ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے،بیس خودکش جیکٹس اور پچیس ایلیٹ فورس کی وردیاں قبضے میں لے لیں۔ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر لاہور کے مختلف علاقوں سے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔جن میں سے دو مبینہ دہشت گرد لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ بتائے جاتے ہیں۔
سی آئی اے پولیس ذرائع نے دعوٰی کیا ہے کہ گرفتار مبینہ دہشت گردوں سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد،بیس خودکش جیکٹس اور ایلیٹ فورس کی پچیس وردیاں بھی برآمد ہوئی ہیں،گرفتار دہشت گرد لاہور میں مناواں پولیس سنٹر کی طرز پر حملے کی تیاری کر رہے تھے،دوسری جانب حساس اداروں نے بھی لاہور سے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

خبر کا کوڈ : 29885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش