0
Thursday 12 Sep 2013 18:22

گیس پائپ لائن منصوبہ پاک ایران مضبوط دوستی کا عکاس ہے، گورنر پنجاب

گیس پائپ لائن منصوبہ پاک ایران مضبوط دوستی کا عکاس ہے، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ترجیحات میں ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات کو مضبوط اور پائیدار بنانے کا حواہاں ہے اور اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہے کہ خطے کے تمام مسائل مذاکرات کی میز پر حل ہو سکتے ہیں اور خطے میں پائیدار امن اُسی صورت میں ممکن ہے کہ جب ایک دوسرے کی سالمیت اور خود محتاری کا احترام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے آج ایران کے قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں اُن سے ملاقات کی۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے معاشرتی، معاشی اور اقتصادری تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، پاکستان ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ بھی اسی بات کی عکاسی کرتا ہے۔ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران کے تجارتی تعلقات میں مزید وسعت کی ضرورت ہے اور دونوں ممالک میں بزنس کمیونٹی اور چیمبر کے وفود کا آپس میں زیادہ سے زیادہ تبادلہ ہونا چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے باسپتی چاول دنیا میں اپنی مثال آپ ہیں جو اپنی بہترین کوالٹی کی بنیاد پر امریکہ اور بھارت کے چاول سے کہیں زیادہ یورپ میں پسند کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھی پاکستان کے چاول درآمد کرے۔

ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایران پاکستان سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان ایران پائپ لائن منصوبہ سنگ میل ثابت ہو گا اور ہم مستقبل میں بھی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ بعد ازاں جنوبی کوریا کے پندرہ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی کوریا کی معاشی ترقی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے جنہوں نے بڑے قلیل وقت اپنی محنت اور لگن سے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں بھی آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کی صلاحیتیں بدرجہ اُتم موجود ہیں اور بہت جلد پاکستان کا شمار ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 301167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش