0
Saturday 14 Sep 2013 09:03

آزاد حکومت کے مستقبل کا فیصلہ نوازشریف کرینگے، لارڈ نذیر

آزاد حکومت کے مستقبل کا فیصلہ نوازشریف کرینگے، لارڈ نذیر
اسلام ٹائمز۔ برطانوی دارالامراء کے تاحیات رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ چوہدری مجیدحکومت کے خلاف کرپشن کے ثبوت میرے پاس آگئے ہیں آئندہ چند دنوں میں وہ میں وزیراعظم میاں نواز شریف کے حوالے کر دوں گا۔ انھوں نے کہا کہ جس وزیراعظم کے ساتھ 16ممبران ہوں اس کو عزت سے مستعفی ہو کر گھر چلے جانا چاہیے۔ آزادکشمیر میں 10ارب روپے عوام پر خرچ کرنے کے لیے 40ارب روپے وزراء پرخرچ کئے جا رہے ہیں۔ آزادکشمیر سے تین گنا بڑے آبادی والے شہر لاہورکو ایک میئر نے سنبھالے رکھا جبکہ آزادکشمیر میں 26وزراء اور 125ایڈوائزر کی فوج ظفر موج بھرتی کی ہوئی ہے۔ کشمیر کونسل کے جو بارہ کروڑ روپے اللے تللوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں وہ اگر کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثرین پرخرچ کئے جاتے تو وہ دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہو سکتے تھے۔ اس صورتحال کا اسلام آباد کو ضرور نوٹس لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر زبیر گل اور ان کے بھائی اعجازگل بھی موجود تھے۔ 

لارڈنذیر نے کہا کہ میں آزادکشمیر کی سیاست میں مداخلت کو پسند نہیں کرتا مگر میرے آبائواجداد کی قبریں یہاں ہیں اور میں خود ایک کشمیری سپوت ہوں اس وجہ سے مجھے کشمیر کے حالات دیکھ کر دکھ ہوتا ہے میں نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف سے ملاقات میں آزادکشمیر میں کرپشن کی بات کی تو انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ثبوت مجھے دیں جس کے بعد میں نے کرپشن کے ثبوت اکٹھے کر لئے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، راجہ فاروق خاں اور چوہدری طارق فاروق نے آزادکشمیر حکومت کی کرپشن کے بنڈل میرے حوالے کر دیئے ہیں جو آئندہ چند دنوں میں میں وزیراعظم میاں نواز شریف کے حوالے کردوں گا آگے میاں نواز شریف فیصلہ کریں گے کہ آزادحکومت کا کیا کرنا ہے۔ 

کرپشن کے ثبوت کے سوال پر جواب میں لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ میرے پاس آزاد حکومت کی کرپشن کی ایک ویڈیو موجود ہے جس میں وزیراعظم اور ایک وزیر کرپشن کے پیسوں کی بندر بانٹ کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں وقت آنے پر میں ویڈیو بھی منظرعام پر لائوں گا اور وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کو دکھائوں گا۔ انہوں نے کہاکہ آزاد حکومت کے کرپشن کے انبار موجود ہیں۔ جناح ماڈل ٹائون میں بغیر بولی کے ٹھیکہ دیا گیا اور غیرقانونی طور پر ٹھیکے دار کو تیس فیصد ادائیگی ایڈوانس کر دی گئی تاکہ کمیشن کی رقم فوری حاصل کی جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میرے گائوں میں اتنے رکشے موجود نہیں ہیں جتنے وزیراعظم آزادکشمیر نے مشیر اور ایڈوائزر بھرتی کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹرسلطان چوہدری کا مستقبل پیپلز پارٹی میں ہی ہے اور اس پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں جب تک وہ کوئی فیصلہ نہیں کرتے چند لوگوں کے بیانات سے بیرسٹرسلطان کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ 

ایک اور سوال کے جواب میں لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے امن و امان کے لیے جو بھی اقدامات کیے ہیں میں ان کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ مذاکرات کے ذریعے معاملات حل ہونے چاہیے چاہے پگڑی والے طالبان ہوں یاپتلون والے طالبان ہوں البتہ اس بات کی ضرور تحقیقات ہونی چاہیں کہ ان لوگوں کو ٹریننگ اور فنڈنگ کس نے دی۔ لال مسجد آپریشن کے وقت جنرل مشرف نے حماقت کی اور لال مسجد سے نکلنے والوں کی تعلیم و تربیت کرنے کی بجائے ان کو غلط راستے پر لگا دیا گیا۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے حکومت سخت قانون سازی کرے۔ گواہوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ نئے پولیس سٹیشن قائم کیے جائیں، سپاہی کی عزت قائم کی جائے۔ سپاہی کو نوکر نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی قوانین کے نفاذ سے میرا کوئی اختلاف نہیں مگر میں کہتا ہوں کہ مکمل اسلامی قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے یہ نہ ہو کہ جو قانون ہمیں پسند ہو اس کو نافذ کر دیں اور جو ہمیں پسند نہیں تو اس کو نافذ نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 301625
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش