0
Tuesday 17 Sep 2013 15:59

عدالت ملکی اداروں کی غیر سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے کارروائی عمل میں لائے، نصراللہ بلوچ

عدالت ملکی اداروں کی غیر سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے کارروائی عمل میں لائے، نصراللہ بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ و دیگر نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کی غیر سنجیدگی نے اُن تمام خاندانوں کو ذہنی کوفت اور اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، جن کے پیاروں کو خفیہ اداروں اور ایف سی نے ماورائے آئین و قانون گرفتار و لاپتہ کر دیا ہے۔ متعلقہ اداروں کے ذمہ دارن کو معطل کرتے ہوئے ٹھوس عملی اقدامات کئے جائیں۔ سپریم کورٹ لاپتہ افراد کو منظر عام پر لانے سے متعلق بار بار واضح احکامات جاری کرچکی ہے، لیکن اس پر متعلقہ ادارے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، حالانکہ گذشتہ سماعت میں دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے کہ تمام لاپتہ افراد کو پیش کیا جائے۔ اداروں کی سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ آج جب سماعت ہوئی تو آئی جی ایف سی موجود نہیں تھے۔ عدالت نے ان کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

ڈی آئی جی ایف سی پیش ہوئے تو انہوں نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ جیسے انہیں کچھ پتہ ہی نہیں جبکہ ہم عدلیہ کے سامنے ثبوت اور شواہد پیش کرچکے ہیں کہ ہمارے لوگوں کو سادہ کپڑوں میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں اور ایف سی کی وردی میں ملبوس اہلکاروں نے اٹھایا ہے، لیکن اس کے باوجود سکیورٹی ادارے معزز عدالت کو گمراہ کرنے اور اس کو اندھیرے میں رکھنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ نصراللہ بلوچ نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے وہ تمام خاندان ذہنی کوفت اور اذیت میں مبتلا ہیں۔ ہماری معزز عدالت سے اپیل ہے کہ وہ تمام شواہد اور اداروں کے غیر سنجیدہ رویوں کو سامنے رکھتے ہوئے کارروائی عمل میں لائے۔ اگر آئی جی ایف سی پیش نہیں ہوتے تو انہیں ان کے عہدے سے معطل کیا جائے۔ اسی طرح تمام ذمہ داران کے خلاف جب تک کارروائی نہیں ہوگی یہ لوگ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاپتہ افراد کو سامنے نہیں لائیں گے۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وقت ضائع کئے بغیر اب ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ٹھوس عملی اقدامات کئے جائیں۔

خبر کا کوڈ : 302628
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش