0
Monday 7 Oct 2013 12:08

پولیو مہم کے مرکز کے قریب دھماکہ، 2 جاں بحق

پولیو مہم کے مرکز کے قریب دھماکہ، 2 جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواح میں ایک دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ ابتدائی طور پر مقامی پولیس نے اس دھماکے میں پولیس کے ایک اہلکار، 3 پولیس رضاکاروں اور امن کمیٹی کے 2 ارکان کی ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی تاہم اب ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ طبی حکام نے صرف 2 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ بقیہ 4 کو بچا لیا گیا ہے مقامی پولیس نے میڈیا کو بتایا تھا کہ یہ دھماکہ پیر کی صبح بڈھ بیر کے علاقے سلیمان خیل میں ایک بنیادی مرکزِ صحت کے باہر ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم دفتر کے سامنے نصب کیا گیا تھا اور جس وقت دھماکہ ہوا مرکزِ صحت میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کے ارکان جمع تھے۔ سلیمان خیل کا علاقہ پاکستان کے قبائلی علاقوں کے قریب واقع ہے اور ماضی میں بھی صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں پولیو کی ٹیموں پر حملے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران پولیو مہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں اور ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں برس مئی میں قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں ایک لیویز اہلکار جاں بحق ہوا تھا۔ اس سے قبل اپریل میں مردان میں پولیو مہم کے کارکنان کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔ گذشتہ سال بھی پولیو کے قطرے پلانے والے کارکنان پر کئی بار حملہ کیا گیا جس میں متعدد کارکنان ہلاک ہوئے تھے اور ان حملوں کے بعد ہی پولیو مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں کے ساتھ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ ان حملوں کے بعد اقوامِ متحدہ نے پاکستان میں جاری پولیو مہم میں شریک اپنے عملے کو واپس بلا لیا تھا اور یونیسف اور عالمی ادارۂ صحت کے فیلڈ سٹاف کو مزید احکامات تک پولیو مہم میں شرکت سے روک دیا تھا۔ پاکستان میں گذشتہ سال 58 بچوں میں پولیو کے وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 27 کا تعلق خیبر پختونخوا جب کہ 20 کا تعلق فاٹا سے تھا۔ پاکستان میں انسدادِ پولیو کی مہم ایک عرصے سے جاری ہے لیکن اس کے باوجود اس وائرس کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکا.
خبر کا کوڈ : 308879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش