0
Friday 18 Oct 2013 18:58

اغیار کی غلامی سے نکلے بغیر خطوں و ملکوں کا تحفظ ممکن نہیں، حافظ سعید

اغیار کی غلامی سے نکلے بغیر خطوں و ملکوں کا تحفظ ممکن نہیں، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان حافظ سعید نے کہا ہے کہ مسلم ملکوں کو بیرونی قوتوں کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے جرأتمندانہ راستے اختیار کرنے ہوں گے، فرقہ واریت سے امت ٹکڑوں میں تقسیم ہوئی جس سے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، علماء کرام امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں اور انہیں اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے متحد وبیدار کیا جائے،مسلم حکمران اپنی سوچ و فکر کے مطابق فیصلے کرنے کی بجائے مسلمانوں کوا للہ کے دین پر جمع کریں، کتاب و سنت پر عمل کئے بغیرمسلمانوں کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجدالرحیم باغبانپورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ہر دور اور ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے لیکن افسوسناک امر یہ کہ ہم نے اسلام کو نماز، روزہ تک محدود کر رکھاہے قومی و بین الاقوامی سطح کے معاملات میں اسلامی تعلیمات سے رہنمائی نہیں لی جاتی، مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری اپنی عقل، سوچ اور فکر کے مطابق فیصلے کرنا نہیں مسلمانوں کو اللہ کے دین پر جمع کرنا ہے اگر ہم ایسا کریں گے تو ہر حال میں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرکے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ہے، یہ ملک اس خطہ کے مسلمانوں کیلئے بہت بڑی نعمت ہے اس کا دفاع ہر شخص کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے، ملک میں بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے اللہ کا قانون نافذ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے دین و ایمان کی حفاظت کریں اللہ ملکوں و قوموں کی حفاظت کرے گامسلم حکمران جن کے پیچھے چل کر برباد ہو رہے ہیں وہی مسلمانوں کیلئے سب سے زیادہ مسائل پیدا کر رہے ہیں اللہ کو یہ بات پسند نہیں کہ کلمہ پڑھنے والے مسلمان کافر قوتوں کی اطاعت کریں قرآن پاک کی تعلیمات اور سیرت رسول(ص) پر عمل کئے بغیر بیرونی قوتو ں کی غلامی سے نکلنا ممکن نہیں۔ حافظ سعید نے کہا کہ مسلمان اپنے گھروں میں قرآن و سنت نافذ کریں خواتین پردہ کریں اپنے بچوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کریں انہیں ایسے تعلیمی اداروں میں داخل نہ کروائیں جہان ان کے عقیدے و ایمان برباد ہو نے کا اندیشہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے، عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرئے، اغیار کی غلامی سے نکلے بغیر خطوں وملکوں کاتحفظ ممکن نہیں ،بھارت آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے اس مذموم منصوبہ میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لا الہ الا اللہ کی جاگیر ملک ہے وطن عزیز کے ایک ایک چپے چپے کا دفاع اللہ کے دین کا تحفظ کرنا ہے، حکومت مسلمانوں کو اس نقطے پر جمع کرے کوئی ان شا ء اللہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔کشمیریوں کی قربانیوں نے بھارت کا غرور و تکبر خاک میں ملا دیا، مظلوم کشمیریوں کو مکمل آزادی ملنے تک جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ : 312124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش