0
Friday 25 Oct 2013 20:38

بلوچستان حکومت کو ناکام کرنیکی سازشیں ہو رہی ہیں، نوابزادہ شیر محمد شاہوانی

بلوچستان حکومت کو ناکام کرنیکی سازشیں ہو رہی ہیں، نوابزادہ شیر محمد شاہوانی

اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ شیر محمد شاہوانی سے شاہوانی ہاؤس میں ٹکری غلام محمد شاہوانی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض سازشی عناصر صوبائی حکومت کو ناکام ثابت کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا کر صوبے کو عدم استحکام کی جانب لے جارہے ہیں لیکن ان کو یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ بلوچستان کے 90 فیصد غریب عوام کی نمائندہ حکومت کے ساتھ دعائیں شامل ہیں۔ جن کی بدولت صوبائی حکومت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 88 کے بعد پہلی بار متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے صوبائی حکومت میں شامل ہیں۔ جس کے سربراہ ڈاکٹر عبداالمالک بلوچ ہیں، جن کا تعلق بھی ایک غریب طبقے سے ہے وہ بلوچستان کے غریب عوام کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں اور وہ اس کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے صوبے کی سب سے بڑی لعنت یعنی کرپشن کو ختم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اور کافی عرصے سے عوام کا خون چوسنے والے عناصر ڈاکٹر جیسی غریب پرور شخصیت کو ایک دن بھی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہیں یہ پتہ نہیں کہ عوام کی ووٹوں اور دعاؤں سے وجود میں آنے والی حکومت کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا۔

نواب شیر محمد شاہوانی نے کہا کہ آواران اور کیچ میں زلزلے کے تباہی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے پیش نظر ڈاکٹر موصوف کی وہاں پر ایک ہفتے سے زیادہ موجودگی، راشن، خیموں اور ادویات وغیرہ کی نگرانی ان کی مخلصیت کو ثابت کرتی ہے۔ اس وقت ان کی تمام توجہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مدد کرنے پر فوکس ہے۔ جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آواران اور کیچ میں زلزلہ زدگان اور کیچ میں زلزلہ زدگان کی مدد کرنے کیلئے صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی بھی پیش پیش رہے۔ انہوں نے بھی ڈاکٹر موصوف کی غیر موجودگی میں وہاں پر ایک ہفتے تک پڑاؤ ڈال کر براہ راست متاثرہ عوام کو ضروریات زندگی فراہم کئے اور غریب بلوچوں کی دادرسی کرتے ہوئے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں امن قائم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ وہ اس سلسلے میں بڑے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے، بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں اور ڈاکٹر مناف ترین اور ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی کیلئے تمام حکومتی وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

خبر کا کوڈ : 314190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش