0
Friday 8 Nov 2013 18:06

مسلمانوں کو تبلیغ کے ذریعے عالم کفر کیخلاف جہاد کرنا ہو گا، تبلیغی قائدین

مسلمانوں کو تبلیغ کے ذریعے عالم کفر کیخلاف جہاد کرنا ہو گا، تبلیغی قائدین
اسلام ٹائمز۔ رائے ونڈ میں جاری سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ موسم ٹھیک ہونے پر پھر سے شروع ہو گیا، جس میں پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، راولپنڈی، بنوں، بہاولپور، کراچی، کوہاٹ،مردان، کوئٹہ کے علاوہ بنگلادیش ،بھارت اور دیگر غیر ممالک سے فرزندان اسلام شرکت کر رہے ہیں۔ تبلیغی اجتماع میں مندوبین جوق در جوق قافلوں کی شکل میں آرہے ہیں جو شرکاء بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے پنڈال سے چلے گئے تھے یا مسجدوں میں پناہ لی ہوئی تھی انہوں نے بھی واپسی کا رخ کر لیا ہے۔ آج جمعہ کی نماز مولانا احسان نے پڑھائی۔ انہوں نے خطبہ میں کہا کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر تبلیغ کے مشن کے ذریعے عالم کفر کے خلاف جہاد کرنا ہو گا، پیار محبت اور امن کا پیغام ہی دوسروں کو ہماری جانب کھینچ سکتا ہے، نبی(ص) نے مذہب اسلام اپنی زبان اور کردار کے ذریعے پھیلایا اور ہمیں بھی ان کی سنت پر عمل کرتے ہوئے خلوص نیت سے نیکی پھیلاتے رہنا ہے۔ نبی اکرم(ص) نے سادہ زندگی بسر کی ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر عمل کرنا ہو گا اور ان کے بتائے ہوئے طریقے پر زندگی بسر کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا فانی ہے مسلمان کی اصل زندگی ہی مرنے کے بعد شروع ہوتی ہے کامیاب انسان وہ ہے جو اچھے اعمال کرکے اُخروی زندگی میں سرخرو ہو جائے جبکہ ناکام ترین انسان وہ ہے جو دنیا پر رہتے ہوئے صرف دنیا بنانے میں ہی لگا رہے اور پھر سب کچھ یہیں دنیا پر غیروں کیلئے چھوڑ کر دنیا سے خالی ہاتھ بغیر اعمال کے دوسرے جہان چلا جائے۔ مولانا احمد لاٹ آف انڈیا اور حاجی عبدالوہاب نے بھی دعوت و تبلیغ کے مشن کو زندگیوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا،دنیاوی زندگی کی کامیابیوں کیلئے اپنی اُخروی زندگی کو تباہ نہ کریں، آخرت کی زندگی ہمیشہ کیلئے اور دنیا کی عارضی ہے، کامل مسلمان وہ ہے جو دنیا میں رہتے ہوئے صالح عمل اختیار کر کے آخرت میں اپنی جگہ جنت میں بنا لے، تبلیغ دین کیلئے دن رات کوشاں مسلمان دنیا اور آخرت کی کامیابیاں سمیٹیں گے۔ پنڈال میں مندوبین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، اجتماع دو روز تک جاری رہنے کے بعد 10 نومبر بروز اتوار کو اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 318965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش