0
Tuesday 12 Nov 2013 00:19

نیٹو سپلائی کی بندش کا فیصلہ اٹل ہے، عمران خان

نیٹو سپلائی کی بندش کا فیصلہ اٹل ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم ڈرون حملوں پر سخت مؤقف اپنائیں اور معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے، انہوں نے نیٹو سپلائی کی بندش کے فیصلے کو اٹل قرار دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے دونوں بار امریکا کی جنگ میں شریک ہو کر غلطی کی، طالبان سے مذاکرات کی بات کرنے پر انہیں بیت اللہ محسود کا ساتھی کہا جاتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم اور عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے، ہر ماہ اربوں روپے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر خرچ ہو رہے ہیں۔ کپتان نے کہا کہ امریکا کہتا ہے حکیم اللہ محسود نے ان کے فوجی مارے تھے، اگر ایسا ہے تو ملا عمر نے اس سے زیادہ امریکی فوجی مروائے، اس سے مذاکرات کیوں کئے جا رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کہتے ہیں کہ ڈرون حملوں پر پوری قوم کو باہر نکل کر احتجاج کرنا ہوگا، امن کی مہم چلانے والوں کو دہشت گردوں کا ساتھی نہ سمجھا جائے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ڈرون حملوں کے خلاف پارلے منٹ کی قرارداد کی پروا نہیں کی تو اب احتجاج دوسرے طریقے سے کرنا ہوگا، وزیر اعظم کی قیادت میں قوم باہر نکلے تو امریکا سوچنے پر مجبور ہو جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات کا عمل انتہائی مشکل ہے، نو سال میں پہلی مرتبہ کوئی سیاسی حکومت بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اور اس معاملے پر حکومت کے ساتھ ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود چند لوگ امریکی ایجنڈا میڈیا پر پھیلا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 320037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش