0
Tuesday 12 Nov 2013 01:33
ہمارا مقصد ایران کو ایٹم بم بنانے سے روکنا ہے

ایران کیساتھ ہونیوالے معاہدے میں اسرائیل کو تحفظ فراہم کیا جائیگا، جان کیری

ایران کیساتھ ہونیوالے معاہدے میں اسرائیل کو تحفظ فراہم کیا جائیگا، جان کیری
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ کو اب بھی خدشات ہیں کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو بڑھانا بند نہیں کرے گا۔ ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اندھے نہیں ہیں اور میرے خیال میں نہ ہی ہم بیوقوف ہیں۔ جان کیری کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب چند روز قبل جنیوا میں ایران اور دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے تین روز تک مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے اختتام تک کوئی معاہدہ تو طے نہ پا سکا، تاہم بیشتر سفارتکاروں کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی۔ جان کیری نے کہا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ جو بھی معاہدہ طے پائے وہ بہتری کے لئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے سنجیدہ ترین ماہرین جنہوں نے اپنی ساری عمر ایرانی امور اور جوہری عدم پھیلائو پر کام کرتے گزاری ہے ہمارے ساتھ ان مذاکرات میں شریک ہیں۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر ہونے والے مذاکرات اور ان میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں اسرائیلی حکومت کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے ایران سے ہونے والے مذاکرات پر اسرائیلی دبائو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے جوہری پروگرام پر جو بھی بات چیت ہوئی ہے، وائٹ ہائوس نے تمام تفصیلات اسرائیل کو فراہم کر دی ہیں، مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ہمارا مقصد ایران کو ایٹم بم بنانے سے روکنا ہے، ایران کے ساتھ جو بھی معاہدہ ہوگا اس میں اسرائیل کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ جنیوا میں ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، مگر اب ہم ایک معاہدہ کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں، اسرائیل کے مفادات کو نقصان نہیں ہوگا۔  

ادھر اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ وہ عالمی برادری کے رہنمائوں کو اس بات پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ جلد بازی میں کسی ''برے معاہدے'' میں نہ پھنس جائیں۔ بنیامن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کی خواہش ضرور ہے مگر حکومتوں کو انتظار کرنا چاہیے اور معاملات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ اس سے پہلے ایرانی وزیرِ خارجہ محمد جواد ظریف نے اُمید ظاہر کی تھی کہ آئندہ مذاکرات میں معاہدہ طے کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حالیہ مذاکرات کے نتیجے سے مایوس نہیں ہیں اور ان میں تمام فریق معاملے کو حل کرنا چاہتے تھے۔
خبر کا کوڈ : 320055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش