0
Wednesday 4 Dec 2013 15:33

شہید علامہ دیدار جلبانی اور انکے محافظ کی نماز جنازہ علامہ ناصر عباس کی زیر اقتداء ادا کردی گئی

شہید علامہ دیدار جلبانی اور انکے محافظ کی نماز جنازہ علامہ ناصر عباس کی زیر اقتداء ادا کردی گئی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شہید علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ شہید سرفراز بنگش کی نماز جنازہ ایم اے جناح روڈ پر ادا کر دی گی۔ نماز جنازہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی زیر اقتداء ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ محمد امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ احمد اقبال، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ محمد علی حسینی، علی حسین نقوی، حسن ہاشمی، علامہ محمد حسین کریمی، ہیت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کے صدر علامہ شیخ حسن صلاح الدین، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا عقیل انجم قادری، شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر سید علی رضوی اور کابینہ، مرکزی تنظیم عزاء کے صدر سلمان مجتبٰی، جعفریہ الائنس کے رہنما علامہ باقر زیدی، مجلس ذاکرین امامیہ کے صدر علامہ نثار قلندری، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ ناظر تقوی، علامہ جعفر سبحانی سمیت بڑی تعداد میں علمائے کرام، ذاکرین عظام اور ہزاروں کی تعداد میں سوگواران نے شرکت کی۔
 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی ادارے کہاں ہیں؟ گذشتہ روز 12 افراد کو لقمہ اجل بنا دیا گیا، ہم مولانا دیدار کے ساتھ ان بے گناہوں کے قتل پر بھی نوحہ کناں ہیں جنہیں بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان سے بھی بدتر بنانے کی کوششں کی جا رہی ہے، شیعہ سنی اپنے اتحاد کے ذریعے دشمن کی سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نماز جنازہ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور شخصیات نے شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ دہشتگردی ہے، جس سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید علامہ دیدار علی جلبانی کے جسد خاکی کو خصوصی طیارے کے ذریعے سکھر روانہ کیا گیا۔ سکھر ایئر پورٹ سے بذریعہ ایمبولینس ان کے جسد خاکی کو انکے آبائی علاقے خیرپور کی تحصیل ٹھری میرواہ کے نواحی گاﺅں جلبانی منتقل کیا جا چکا ہے جہاں انکی تدفین کی جائے گی۔
 
علامہ دیدار علی جلبانی کے ساتھ جام شہادت نوش کرنے والے ان کے محافظ شہید سرفراز حسین بنگش کا جسد خاکی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جلوس کی صورت میں قبرستان وادی حسین سپر ہائی وے منتقل کیا گیا، جہاں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، ہر آنکھ اشکبار تھی، سوگواران ایک دوسرے کو دلاسے دے رہے تھے۔ شرکائے جنازہ نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم تھامے ہوئے تھے، جن پر لبیک یاحسین علیہ السلام درج تھا۔ شرکائے جنازہ لبیک یاحسین (ع)، حسینیت زندہ باد، یزیدیت مردہ باد، شیعہ سنی بھائی بھائی تکفیریوں کی شامت آئی، فرقہ واریت نامنظور و دیگر اور نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 327322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش