0
Sunday 8 Dec 2013 22:24

اے این پی رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی کی رہائی کیلئے 1 ارب روپے تاوان طلب

اے این پی رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی کی رہائی کیلئے 1 ارب روپے تاوان طلب

اسلام ٹائمز۔ کاسی قبیلے کے سربراہ و عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی کے صاحبزادے ارباب محمد عمر کاسی نے کہا ہے کہ ان کے والد کی بازیابی کے لئے اغواء کاروں کی جانب سے ایک ارب روپے تاوان طلب کیا گیا ہے۔ تاہم کاسی قبیلے کے کونسلز نے اس کی ادائیگی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد کو 23 اکتوبر کے روز دن دیہاڑے کوئٹہ کے معروف تجارتی علاقے سے اغواء کر لیا گیا، جس کے خلاف کاسی قبائل سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے احتجاج ریکارڈ کرایا اور ہمارے گھر آ کر قبیلے کے افراد اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ جس پر ہم ان کے شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان نے ملک اور صوبے کی عوام کے لئے قید و بند سمیت مختلف تکالیف جھیلیں ہیں۔ تاہم اس کے باوجود ہمارے ساتھ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔ کاسی قبیلے کے سپریم اور جنرل کونسلز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اغواء کاروں کی جانب سے طلب کی گئی ایک ارب روپے کی ادائیگی نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی ڈیل کی جائے گی۔ ہماری تمام قبائلی شخصیات سمیت مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل ہے کہ وہ اغواء کاروں کے خلاف اس طرح کے سخت فیصلے کرے کیونکہ اس سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن نمبروں سے ان کے ساتھ رابطے کئے گئے ہیں وہ انتظامیہ کے حوالے کئے جا چکے ہیں۔ اب حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے، کہ وہ ان کے والد ارباب عبدالظاہر کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اغواء کار لوکل وائرلیس فون کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں معلومات انتظامیہ کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسلز نے قوم کے بہتر مستقبل کے لئے تاوان ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لئے دیگر قبائل بھی ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے احتجاج جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

خبر کا کوڈ : 328625
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش