0
Monday 9 Dec 2013 23:01

کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کا پشتونخوامیپ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کا پشتونخوامیپ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے حلقہ نمبر 12,10,9 کے کامیاب ہونیوالے دو آزاد اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی غیر مشروط طور پر حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر عبدالقادر آغا احسان اللہ، کبیر افغان، حسن آغا ہزارہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ محمد عثمان کاکڑ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے ایک بار پھر گیارہ مئی کے انتخابات کی طرح ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پشتون علاقوں سمیت کوئٹہ میں جماعت کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ایک بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے۔ یہ عوام کا اعتماد ہے اور ہم صوبے میں بسنے والے پشتون، بلوچ، پنجابی، ہزارہ، اردو بولنے اور مسیحی قوم کے بھی مشکور ہیں کہ جنہوں نے ہمیں ووٹ دیئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام پارٹیوں کو ساتھ لیکر کوئٹہ کے حالات کو بہتر بنائیں۔ عوام کو صحت تعلیم کی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ میں میئر اور ڈپٹی میئر ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے صحیح امیدواروں کا چناؤ کریں۔ تاکہ کوئٹہ کیساتھ ماضی میں ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کیا جا سکے کیونکہ عوام نے پراعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ اپنے موقف پر رہتے ہوئے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تیس لاکھ عوام نے پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی کے امیدواروں اور حمایت یافتہ نمائندوں کو کامیاب کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس 25 تعداد ہو چکی ہے۔ اگر الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہ کی تو ہم بہت جلد اپنا امیدوار لانے کیلئے مضبوط پوزیشن پر کھڑے ہونگے۔ اس موقع پر کوئٹہ کے وارڈ نمبر 9 سے آزاد امیدوار سید مہدی علی ہزارہ، وارڈ نمبر 10 سے آزاد امیدوار عباس علی ہزارہ جبکہ وارڈ نمبر 12 سے مجلس وحدت مسلمین کے رجب علی ہزارہ نے غیر مشروط طور پر میئر کے انتخاب کیلئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے نمائندوں کا چناؤ کریں، جو کوئٹہ کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نجات دلائیں۔ اس لئے ہم نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا چناؤ کیا ہے، کہ یہی پارٹی کوئٹہ کے شہریوں کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد عثمان کاکڑ نے کہا کہ ہمارے پاس اپنے امیدواروں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم اتحادی جماعتوں سے بات چیت کرکے تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرلیں۔

خبر کا کوڈ : 329006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش