0
Friday 20 Dec 2013 12:15

دہشت گردی کی بیماری کو ختم کر دیں گے، نواز شریف

دہشت گردی کی بیماری کو ختم کر دیں گے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ جمعرات کو وزیر اعظم ہاؤس میں بِل اور ملنڈا گیٹ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیئس سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ ہم ملکی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو مضبوط کر سکیں اور دنیا میں پولیو کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بل اور میلنڈا گیٹ فاونڈیشن کو سراہا اور پاکستان کے لوگوں کی طرف سے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بِل اینڈ میلنڈا گیٹ فاؤنڈیشن کے وفد کی فاٹا اور کراچی میں پولیو کے کیسز پر خدشات کے جواب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم شورش زدہ علاقوں میں پولیو مہم کے کارکنوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور وہ شورش زدہ علاقوں میں پولیو مہم میں شامل عملے کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ نواز شریف نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان سے دہشت گردی کی بیماری کو ختم کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک بیماری ہے اگر اس بیماری کو ختم کر دیا گیا تو تمام بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بِل اینڈ ملنڈا گیٹ فاؤنڈیشن کے تجربات سے پورا فائدہ اٹھائے گی تاکہ پولیو کا خاتمہ کیا جا سکے اور بچوں میں ہونے والی اموات پر قابو پایا جا سکے۔

فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیئس نے اس موقع پر بچوں کی صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان کے کچھ علاقوں میں شدت پسندوں کی جانب سے اس مہم کی مخالفت کی وجہ سے ہزاروں بچے قطرے پینے سے محروم رہے ہیں۔ اس سال پاکستان میں پولیو کے 75 کیس سامنے آئے ہیں جب کہ گذشتہ برس 58 تھے۔ ان میں سے زیادہ تر قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبر پختونخوا سے سامنے آئے تھے۔ دوسری جانب سنہ 2012 سے لے کر اب تک 30 سے زیادہ پولیو مہم کے کارکنان اور ان کے محافظ حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔ دنیا بھر میں پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔
خبر کا کوڈ : 332429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش