0
Tuesday 24 Dec 2013 21:27

کوئٹہ، چہلم کے موقع پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

کوئٹہ، چہلم کے موقع پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ اور اندرون صوبہ بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا۔ قلعہ عبداللہ لیویز نے آج چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے چمن سے کوئٹہ جانے والی ویگن سے خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا۔ کامیاب کاروائی پر لیویز پارٹی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے دو دو ہزار روپے فی کس انعام کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لیویز کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر کوئٹہ سمیت اندرون صوبہ دہشت گردی کرانے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس کیلئے چمن سے قلعہ عبداللہ کے راستے خطرناک اسلحہ لے جانا چاہتے ہیں۔ جس پر قلعہ عبداللہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم لیویز کی چیک پوسٹوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔ جس پر آج علی الصبح تقریباً 7 بجکر 30 منٹ پر سید حمید کراس چیک پوسٹ پر لیویز انچارج عبدالمالک کاکوزئی اور حاجی محمد رسول اور اہلکاروں نے ایک مشکوک سفید ویگن نمبر LES/7730 کو روکا اور دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں سے 28 میگاروف پستول اور میگزین، 6 کلاشنکوف اور 2 عدد امریکن اور جرمنی ساختہ کلاشنکوف شامل ہے، جبکہ ملزم ڈرائیور احمد نور ولد میرا جان قوم وزیر سکنہ تحصیل غلام خان میران شاہ شمالی وزیرستان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلحہ کی برآمدگی سے کوئٹہ ایک بڑی دہشت گردی سے بچ گیا اور یہ خاص چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر ہوا ہے۔ اگر خدانخواستہ یہ اسلحہ کوئٹہ یا اندرون صوبہ بلوچستان میں پہنچ جاتا تو اس سے بڑی تخریب کاری ہوتی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیویز کو چہلم سے کئی دن پہلے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔ جس پر آج لیویز اہلکاروں نے یہ کامیاب کاروائی کی۔ انہوں نے اپنی طرف سے کامیاب کاروائی میں شامل لیویز پارٹی کے تمام اہلکاروں کو 2 ہزار روپے فی کس دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار قلعہ عبداللہ عبدالحمید زہری بھی موجود تھے۔

خبر کا کوڈ : 333929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش