0
Saturday 28 Dec 2013 17:34

بلدیاتی انتخابات، کراچی میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے الیکشن دفاتر قائم

بلدیاتی انتخابات، کراچی میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے الیکشن دفاتر قائم
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں 18 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ضلعی سطح پر مرکزی الیکشن دفاتر قائم کر دیئے ہیں جبکہ یونین کمیٹیوں کی سطح پر امیدواروں کے انتخابی دفاتر یکم جنوری سے قائم کر دیئے جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے نائن زیرو پر مرکزی الیکشن سیل قائم کر دیا ہے جو 24 گھنٹے تین شفٹوں میں کام کر رہا ہے جبکہ علاقوں میں سیکٹرز اور یونٹس کی سطح پر الیکشن دفاتر قائم کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے مرکزی میڈیا سیل میں الیکشن آفس قائم کیا ہے جبکہ ضلعی سطح پر الیکشن دفاتر قائم کرنے کے علاوہ یونین کمیٹیوں کی سطح پر الیکشن دفاتر قائم کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے تمام اضلاع کے علاوہ وارڈز کی سطح پر بھی امیدواروں کے انتخابی دفاتر کھولنا شروع کر دیئے ہیں یہ دفاتر باقاعدہ آئندہ تین روز میں کام شروع کر دیں گے۔ جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت علماء پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بھی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے اور ضلعی سطح کے علاوہ مختلف علاقوں میں انتخابی دفاتر قائم کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ضلعی اور علاقائی سطح پر قائم ہونے والے دفاتر میں انتخابی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں اور رات گئے تک ان دفاتر میں ان جماعتوں کے امیدوار یونین کمیٹیوں کی مختلف نشستوں پر کاغذات نامزدگی کے فارم بھر رہے ہیں۔ یہ جماعتیں کاغذات نامزدگی فارم جمع ہونے کے بعد عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 335108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش