0
Wednesday 1 Jan 2014 19:37
وطن کے دشمنوں سے مذاکرات مسترد

5 جنوری کو ’’قومی امن کنونشن‘‘ میں دہشتگردی کیخلاف اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل

5 جنوری کو ’’قومی امن کنونشن‘‘ میں دہشتگردی کیخلاف اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی اور وائس آف شہدائے پاکستان کے ترجمان سینیٹر فیصل رضا عابدی نے اسلام آباد پریس کلب میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جس کا مقصد آئین پاکستان سے بالا تر ہو کر کسی دہشتگرد، آئین پاکستان مخالف اور قومی اداروں کے وجود کی منکر قوت کو تسلیم کرنا ہو یا اس کے ایجنڈے کو قبول کرنا ہو، ہم طالبان سے حکومتی مذاکرات کی مخالفت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور حکومت شہدائے پاکستان کے لواحقین سے مذاکرات کرے اور انہیں یقین دلائے کہ وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے وطن کے بیٹوں کے ناحق خون سے بے وفائی نہیں برتی جائے گی۔ ہم حکومت کی طرف سے طالبان کو سیاسی عمل میں اعلانیہ شامل کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور اسے شہداء پاکستان کے خون سے غداری تصور کرتے ہیں۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ اگر ان مذاکرات کے نتیجے میں ملک میں طالبانی نظام رائج کرنے کی کوشش کی گئی تو عاشقان مصطفٰی (ص) ملک کے پورے نظام کو جام کر دینگے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ہم ایسی سوچ اور افراد کی مذمت کرتے ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ ملک میں دہشتگردی سے نہیں نمٹا جاسکتا، لہٰذا ان دہشتگردوں سے مذاکرات کیے جائیں۔ حکومت طالبان سے مذاکرات کا ڈرامہ ختم کرکے دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے اپنی ول اور لڑنے کا اعلان کرے، پوری قوم حکومت کے اس عمل کی حمایت کریگی۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ 5 جنوری کو اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں ’’قومی امن کنونشن‘‘ ہوگی جس میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے فوجی جوانوں، سویلیئنز، وکلاء، مسیحی برادری، صحافی حضرات اور دہشتگردوں کا نشانہ بننے والے مختلف مکاتب فکر کے شہداء کے ورثاء شرکت کرینگے اور اس ناسور کیخلاف اعلان جہاد کرینگے۔ اس کانفرنس میں دہشتگردی سے نمٹنے کا واضح راہ حل پیش کیا جائے گا اور قومی اتحاد کا فقیدالمثال مظاہرہ کیا جائیگا۔ رہنماؤں نے کوئٹہ میں زائرین کی بس پر حملے کی بھی شدید مذمت کی اور اسے طالبان سے مذاکرات کا نتیجہ قرار دیا۔ ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کافی عرصہ سے دہشتگردوں کے نشانہ پر ہے اور ابتک سینکڑوں لوگوں کو شہید کیا جاچکا ہے، لیکن حکومت ان غیر ریاستی عناصر کیخلاف آپریشن کرنے کی بجائے مذاکرات پر تلی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 336402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش