0
Tuesday 4 Feb 2014 20:53

پشاور، کوچہ رسالدار میں واقع پاک ہوٹل میں خودکش دھماکہ، 9 افراد شہید، 50 سے زائد زخمی

پشاور، کوچہ رسالدار میں واقع پاک ہوٹل میں خودکش دھماکہ، 9 افراد شہید، 50 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں واقع پاک ہوٹل میں بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 50 سے زائد خمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق قصہ خوانی بازار کی پشت پر واقع علاقہ کوچہ رسالدار میں ایک ہوٹل میں دھماکہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور 50 سے زائد خمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے سے ہر جانب دھواں ہی دھواں پھیل گیا جبکہ دھماکہ ہوتے ہی پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں اور نعشوں کو اسپتال پہنچانے اور ملبے سے زخمیوں کو ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک ہوٹل بری طرح تباہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ تین سال قبل بھی دہشتگردوں نے اس ہوٹل کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنایا تھا، اس ہوٹل میں زیادہ تر پارا چنار سے تعلق رکھنے والے افراد رہائش اختیار کرتے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق دھماکہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں امام بارگاہ کے قریب واقع پاک ہوٹل میں ہوا جسکے باعث 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک شدگان میں سے چھ کی شناخت ہوچکی ہے۔
سپرانٹینڈنٹ پولیس پشاور فیصل مختار نے بھی دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے میڈیا کوارڈینیٹر جمیل شاہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں اب تک چھ لاشوں کو منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ 32 افراد زیر علاج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس اور امدادی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 348414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش