0
Thursday 6 Feb 2014 10:31

مظفرآباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مشعل بردار ریلی

مظفرآباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مشعل بردار ریلی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان آزاد کشمیر ڈویژن کے زیراہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان مشعل بردار ریلی گیلانی چوک سے سنٹرل پریس کلب تک نکالی گئی۔ شرکائے ریلی نے مشعلیں اور پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی نے سنٹرل پریس کلب پہنچ کر جلسہ کی صورت اختیار کر لی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او آزاد کشمیر ڈویژن کے صدر سید وقار حسین کاظمی نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے پاکستان اس روشن آفتاب کی مانند ہے جو چمکتا ہے تو مقبوضہ کشمیر سمیت تمام کشمیر میں اندھیرے دور کرتا ہے۔ کشمیر کے دریائوں اور ہوائوں کا رخ پاکستان کی طرف ان کے اس لازوال رشتے کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور کشمیری قوم کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سید وقار کاظمی نے کہا کہ یکجہتی بظاہر ایک لفظ مگر اس کی تفسیر اتنی طویل ہے کہ مختصرا یہ کہ پاکستان نے کشمیریوں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے دنیا کو یہ واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے متعلق جو کشمیری عوام کی خواہش ہے وہی پاکستانی عوام کا فیصلہ ہے۔

آئی ایس او آزاد کشمیر کے صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ بھارت ایک بزدل ملک ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے اور ہم بھی پاکستانی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ جب بھی مشکل پڑی تو پہلی گولی ہم کھائیں گے بعد میں پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا لازوال رشتہ چند دہائیوں تک نہیں بلکہ صدیوں تک محیط ہے یہ یکجہتی دونوں اطراف سے ہے۔ 

ریلی سے وزیراعظم کے سٹاف آفیسر سید قلب عباس جعفری، علامہ سید یاسر عباس سبزواری، سیکرٹری روابط ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر مولانا سید حمید حسین نقوی، مولانا سید جواد حسین سبزواری، راجہ ناصر لطیف، منصور نقوی، سابق ڈویژنل صدر آئی ایس او سید نجف علی نقوی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آج کی یہ مشعل بردار ریلی مظلوم و محکوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہے۔ حکومت پاکستان سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے سامنے اٹھائے، او آئی سی اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 348859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش