0
Thursday 13 Feb 2014 18:39

اسلامی جمعیت طلبہ ویلنٹائن ڈے کو یوم حیا کے طور پر منائے گی

اسلامی جمعیت طلبہ ویلنٹائن ڈے کو یوم حیا کے طور پر منائے گی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ریاست ہے جس میں غیر اسلامی اقدار فحاشی اور عریانی کو فروغ دینی کی کوشش کی جارہی ہے، ویلنٹائن ڈے جیسی فضول رسومات کو پاکستان میں رائج کیا جا رہا ہے، پاکستان میں اسلامی جمعیت طلبہ ویلنٹائن ڈے کے بجائے حیاء ڈے منائے گی، نوجوان نسل مغربی تہذیب سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوے اس فضول اور مغرب زدہ روایت کا بائیکاٹ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’حیا ء کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے مختلف این جی اوز کے ذریعے پاکستان میں فحاشی اور عریانی کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پاکستان کے ماحول کو خراب کرنے کیلئے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسلامی تہذیب، ثقافت اور اقدار کو فروغ دیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مغرب نواز میڈیا اور طبقات کی جانب سے ایسے تہواروں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو اسلامی تہذیب و ثقافت سے دور کر کے بے راہ روی کی طرف گامزن کرنا ہے، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی جانب سے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں حیاء ڈے کا انعقاد مغربی تہذیب کے منہ پر طمانچہ ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ثقافتی یلغار کا تدراک انتہائی ضروری ہے، ویلنٹائن جیسی فضول، بے حیا ء اور بے معنی روایت کے ذریعے معاشرتی انتشار اور نوجوانوں کو اخلاقی طور پر دیوالیہ کیا جانا ہے۔ ناظم اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان مصطفوی تہذیب کا چاہنے والا ہے، مصطفوی تہذیب ہی کامیابی کی ضامن ہے، مستقبل مصطفوی تہذیب کا ہے، حیاء ڈے اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، سوچے سمجھے ایجنڈے کے تحت نام نہاد روشن خیالی کے نام پر پاکستان کے ماحول کو آلودہ کیا جا رہا ہے، مغرب زدہ میڈیا اور طبقات فضول اور بے معنی روایات کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام حیا ڈے کے موقع پر آگہی کیلئے پاکستان بھر میں سیمینارز، واک کا اہتمام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ہینڈ بل اور کتابچے تقسیم کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 351356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش