0
Tuesday 18 Feb 2014 13:29

نظام زکوٰۃ کی اصلاح اور تقسیم کو صاف شفاف بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، سردار محمد یوسف

نظام زکوٰۃ کی اصلاح اور تقسیم کو صاف شفاف بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، سردار محمد یوسف

اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت نظام زکوۃ کی اصلاح بحالی اور تقسیم کو صاف شفاف اور فعال بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ معاشرے کے مستحق اور نادار اس سے استفادہ کرسکیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ بلوچستان ایک پسماندہ اور رقبے کے لحاظ سے بڑا صوبہ ہے اور یہاں آمدنی کے ذرائع بھی کم ہیں۔ ان کے لوگ زکوۃ کے زیادہ حقدار ہیں۔ ممبران کی تجاویز کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ان کی تجاویز کی روشنی میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے گزارہ الاؤنس، جہیز فنڈز کی بندش اور دوسری مدات میں فنڈز کے اضافے پر بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بلوچستان آنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ آپ لوگوں کے مسائل اور تجاویز سے آگاہی حاصل کرسکوں۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ رواں ماہ کی بیس تاریخ کو اسلام آباد میں زکوٰۃ کے بارے میں ایک اجلاس ہو رہا ہے۔ جس میں چاروں صوبوں کے مذہبی امور اور زکوٰۃ کے صوبائی وزراء، وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز شرکت کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت حجاج کرام کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ امسال حج کے دوران کہیں سے بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جو ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں حاجی کیمپ میں ایک اور بلاک تعمیر کیا جائے گا جبکہ آئندہ سال بلوچستان سے بھی معاونین اور خدام الحجاج کو سعودی عرب بھیجا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بلوچستان کے علماء کرام سے ملاقات کریں گے اور ان سے ملک میں امن و امان اور بھائی چارے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں علماء کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری مذہبی امور و زکوٰۃ عبدالمنان آغا نے وفاقی وزیر کو بلوچستان میں اپنی وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور منظور خیری، ڈائریکٹر سجاد امین الدین خان بازئی اور صوبائی زکوٰۃ کونسل کے دوسرے اراکین بھی موجود تھے، بعد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے حاجی کیمپ اور جبل نورالقرآن کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے حاجی کیمپ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور منتظمین کو یقین دلایا کہ حکومت حاجی کیمپ کوئٹہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ جبل النور قرآن کے معائنے کے موقع پر وفاقی وزیر کو جبل النور قرآن کے متولی حاجی عبدالرشید نے معلومات فراہم کیں۔ وفاقی وزیر نے وہاں پر محفوظ کئے گئے۔ قرآن پاک کے مقدس اوراق دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بڑے مذہبی ہیں اور وہ قرآن پاک کے مقدس ضعیف اوراق اور نسخوں کو محفوظ کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

خبر کا کوڈ : 352853
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش