0
Friday 21 Feb 2014 18:55

سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں دہشت گردی کیخلاف یوم مذمت منایا

سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں دہشت گردی کیخلاف یوم مذمت منایا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام پولیس و ایف سی اہلکاروں اور میجر جہانزیب کی شہادتوں اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے خلاف ملک گیر ’’یومِ احتجاج‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں اور دہشتگردی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے ’’قیدیوں کو قتل کرنا غیرشرعی عمل‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے اور قتل ناحق کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد اہلسنّت کی ہر مسجد میں ایف سی اور پولیس کے شہید اہلکاروں کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ مساجد کے سامنے دہشتگردی کیخلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ یومِ احتجاج کے موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح باغیوں کیخلاف مسلح کارروائی ضروری ہو گئی ہے، طالبان نے مذاکرات کی حکومتی پیشکش سے ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے جواز کی ہر دلیل بے معنی ہے، قتل ناحق ناقابل معافی گناہ ہے اور بے گناہوں کا قتل عام انسانیت کیخلاف سب سے بڑا گھناؤنا جرم ہے، حکومت اپنے شہریوں کے تحفظ کے آئینی تقاضے پورے کرے اور ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات ختم کرنے کا دوٹوک اعلان کیا جائے۔ پچاس ہزار سے زائد بے گناہ شہریوں کا خونِ ناحق بہانا جہاد نہیں فساد ہے۔ طالبان کا طرزعمل شریعت نہیں شرارت پر مبنی ہے۔ سنی اتحاد کونسل علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ محمد شریف رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف دہشت گردوں کو سبق سکھانا ضروری ہو گیا ہے۔ ریاست کے باغیوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا کہ مذاکرات کے اعلان کے بعد ضائع ہونے والی قیمتی جانوں کا حساب کون دے گا۔ ملک کا کوئی بھی صوبہ دہشت گردوں کے جنونی عزائم کی ضد سے محفوظ نہیں،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ حکمران جان لیں کہ طالبان جیسے لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ ملکی سلامتی کے دشمن بیرونی عناصر کو دہشت گردوں کے پیدا کردہ حالات سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے اس لیے حکومت دہشت گردوں کو کچلنے کو پہلی ترجیح بنائے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے صدر پیر سیّد محمد اقبال شاہ نے کہا کہ دہشت گرد امن و سلامتی کے حامل آفاقی دینِ اسلام کا تشخص خراب کر رہے ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی مصلحتوں کی وجہ سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے بھارتی جانی و مالی نقصان کے علاوہ ملکی سلامتی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان دہشت گردی میں اضافہ کر کے ریاستی اتھارٹی پر غالب آنے کا تاثر پیدا کر رہے ہیں جو ایک آزاد اور خودمختار ایٹمی مملکت کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتی، امریکہ افغانستان میں پاکستان مخالف ٹھکانے ختم کرے۔ دہشت گردی کے باعث پیدا ہونے والے خوف و ہراس کی فضا میں اندرونی و بیرونی سرمایہ داری کا عمل رک گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 354094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش