0
Wednesday 19 Mar 2014 17:26

امریکی، اسرائیلی اور بھارتی ایجنٹ ملک کو عدم استحکام کی طرف دکھیلنا چاہتے ہیں، سنی اتحاد کونسل

امریکی، اسرائیلی اور بھارتی ایجنٹ ملک کو عدم استحکام کی طرف دکھیلنا چاہتے ہیں، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کراچی کے رہنماﺅں مفتی اقبال نقشبندی، علامہ فیصل عزیزی، مولانا سید بلال شاہ نے کہا ہے کہ بم دھماکوں سے درود و سلام پڑھنے والوں اور یارسول اللہ کہنے والوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا، شدت پسندی، دہشتگردی اور بم دھماکے ناسور کی شکل اختیار کرچکے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی آپریشن کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں، دہشتگرد عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں، مساجد اور مدارس پر حملہ کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے بشیر آباد اورنگی ٹاﺅن میں سیفی اور نقشبندی سلسلے کے روحانی پیشوا پیر احمد علی شاہ سیفی نقشبندی کی مسجد اور مدرسے وقار المساجد پر کریکر حملے کے بعد وقار المساجد جا کر پیر احمد علی شاہ سیفی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ رہنماﺅں نے پیر احمد علی شاہ سیفی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب کی جانب سے مذمتی پیغام پہنچایا۔

سنی اتحاد کونسل کراچی کے رہنماﺅں نے کہا کہ استعماری قوتوں امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے ایجنٹ ملک کو عدم استحکام کی طرف دکھیلنا چاہتے ہیں مگر محب وطن علماء و مشائخ اور عوام ان کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے حامیوں اور ہم خیال علماء کرام و مشائخ عظام کی مساجد اور مدارس پر حملوں سے دہشتگردی کے خلاف کی جانے والی جدوجہد کو نہیں روکا جاسکتا۔ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل، پاکستان اور اہلسنت کی بقاء سمیت عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دریں اثناء صاحبزادہ حامد رضا اور طارق محبوب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وقار المساجد پر کریکر کا حملہ کرنے والے دہشتگردں کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا جائے اور عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 363584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش