0
Tuesday 8 Apr 2014 21:19

بشار الاسد جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے، 2014ء کے آخر تک باغیوں کیخلاف جنگ جیت لینگے، شامی صدر

بشار الاسد جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے، 2014ء کے آخر تک باغیوں کیخلاف جنگ جیت لینگے، شامی صدر
اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ ان کے خلاف جاری عوامی بغاوت کی تحریک اب دم توڑ رہی ہے۔ رواں سال کے اختتام تک باغیوں کو مکمل شکست دے کر ہم جنگ جیت جائیں گے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر بشار الاسد کا یہ بیان سابق روسی وزیراعظم سرگئی سٹپائشن نے نقل کیا ہے۔ سابق روسی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بشار الاسد نے انہیں بتایا کہ شام میں جاری بغاوت کی تحریک دم توڑ رہی ہے۔ ہم دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں جلد فتح مند ہونے والے ہیں۔ رواں سال اس حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور 2014ء کے آخر تک ہم جنگ جیت جائیں گے۔ خیال رہے کہ سابق روسی وزیراعظم سیرگئی سٹیپاشین نے گذشتہ ہفتے ایک اعلٰی اختیاراتی وفد کے ہمراہ شام کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے بشار الاسد سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے روسی صدر ولادی میر پوٹن کا خصوصی پیغام بھی شامی صدر تک پہنچایا۔ 

مسٹر سٹیپاشین کا کہنا تھا کہ میں نے شامی صدر بشار الاسد کی رہائش گاہ پر ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ میں نے انہیں روس کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انہوں نے روس کے غیر مشروط تعاون بالخصوص کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کے معاملے پر ماسکو کے موقف کا شکریہ ادا کیا۔ سابق روسی وزیراعظم نے کہا کہ صدر بشار الاسد مطمئن اور صحت مند تھے۔ انہوں نے مکمل خود اعتمادی کے ساتھ کہا کہ رواں سال کے آخر تک ہم جنگ جیت جائیں گے۔ اس موقع پر صدر بشار الاسد نے سابق روسی وزیراعظم سے کہا کہ صدر ولادی میر پوٹن سے کہہ دینا کہ میں ویکٹور یانو کووچ نہیں ہوں۔ میں شام سے باہر کسی دوسرے ملک میں فرار نہیں ہوں گا۔ میں بغاوت کی تحریک کے باوجود اپنے ملک میں ہوں اور رواں سال ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھی کامیاب ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ بشار الاسد جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 370741
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش