0
Friday 11 Apr 2014 00:47

ہزاروں قتل کرنے کے بعد ہلاکتوں کو حرام قرار دینا مضحکہ خیز ہے، ثروت اعجاز قادری

ہزاروں قتل کرنے کے بعد ہلاکتوں کو حرام قرار دینا مضحکہ خیز ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سُنّی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ہزاروں بے گناہوں کے قتل عام کے بعد طالبان ترجمان کا بے گناہوں کی ہلاکتوں کو حرام قرار دینا مضحکہ خیز ہے۔ دہشتگرد رہا کرکے حکومت نے اپنے پاوں پرخود ہی کلہاڑی ماری ہے۔ طالبان نے حکومتی فراخدلی کا صلہ اسلام آباد کے مزدوروں کی لاشوں کی صورت میں دے دیا ہے۔ مولانا سمیع الحق حکومت کو صرف اس تسلی پر بہلا پھسلا رہے ہیں کہ طالبان نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حالانکہ دہشتگرد مذاکرات کے نام پرحکومت کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ مذاکراتی عمل کے دوران دہشتگردوں کو مضبوط اور اپنی حکمت عملی تشکیل دینے کا موقع مل رہا ہے۔ حکمران کب تک مذاکرات کے نام پر بے گناہوں کا قتل عام کرواتے رہیں گے۔ اب قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ حکومت کو دہشت گردوں کے دھوکے میں آنے کی بجائے سخت ترین ریاستی ایکشن لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنّت پر جڑواں شہروں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بے گناہ افراد کی شہادتوں کے ذمہ دار مذاکرات کے حامی اور دہشت گردوں کے ہمدرد ہیں۔ مولانا سمیع الحق دہشت گردوں کی حمایت کر کے قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ مذاکرات کے حامی، شہداء کے لواحقین پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں نظر ڈالیں اور طالبان سے اپنے ذاتی روابط کی وضاحت قوم کے سامنے پیش کریں۔ طالبان کے ہمدردوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ اسلام آباد دھماکے پر وزیرداخلہ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ پاک فوج ملکی وقار کی علامت اور استحکام کی ضمانت ہے۔ مٹھی بھر دہشت گردوں کے ناز نخرے اُٹھانے کیلئے پاک فوج کے تقدس کو داؤ پر لگانا دانش مندی نہیں ہے۔ افواج پاکستان کے خلاف مہم میں وزیر دفاع کا سب سے آگے ہونا افسوسناک ہے۔ قوم مجرموں کیساتھ کی گئی سودے بازی کو مسترد کرتی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی رہائی کا نوٹس لیں۔
خبر کا کوڈ : 371585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش