1
0
Sunday 27 Apr 2014 11:21

گلگت، عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان، “حقوق کی تحریک جاری رہیگی”

گلگت، عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان، “حقوق کی تحریک جاری رہیگی”
رپورٹ: ایس ٹی ایم کاظمی

حکومتی و عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین کامیاب مذاکرات اور گلگت بلتستان میں گندم کی قیمتوں میں کمی لانے پر اتفاق کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے گلگت بلتستان بھر میں گذشتہ 12روز سے جاری احتجاجی دھرنے ختم کرنے اور عوامی حقوق کے حصول کے لئے ایکشن کمیٹی کی تحریک کو جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ ہفتہ کی شام گھڑی باغ میں دھرنے سے فیصلہ کن خطاب میں عوامی ایکشن کمیٹی کے کنوینئر احسان علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ 12روز کے تاریخی دھرنوں کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام نے ملی اتحاد اور یکجہتی کی تاریخی مثال قائم کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت کو ایکشن کمیٹی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا جو عوام کی تاریخی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے ہمارے تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے اولین ترجیح کے تحت گندم کی فی بوری قیمت 1100روپے مقرر کر دی ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن سوموار کو جاری کرکے ایکشن کمیٹی کو بھجوا دیا جائیگا جبکہ باقی ماندہ مطالبات کے حل کے لئے کمیٹی نے 30 جون 2014ء کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ جسکی بنیاد پر آج سے ہم احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں تاہم عوام کے دیگر بنیادی حقوق کے حصول تک ہماری تحریکی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس تحریک کی کامیابی اور عوام کے اندر اتحاد و اتفاق کو پیدا کرنے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ساتھ علاقے کے جید علماء، مذہبی اکابرین اور عوام نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جسے ہم شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب میں مولانا خلیل احمد قاسمی نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی اس تحریک کے پیچھے اور کچھ نہیں بلکہ علاقے کے 20 لاکھ عوام کا خلوص اور دعائیں شامل تھیں۔ ہمارے اندر ایک چیز کا درد تھا جو آج ہمیں مل چکا ہے اور وہ امن و اتحاد کا درد تھا۔ ہم امن کے اس فارمولے کو گندم، صحت اور بجلی کی سبسڈی سے افضل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہماری اس تحریک کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی مگر ہم نے اپنا حق چھین کر دکھایا اب ان حکمرانوں کو امن کے فارمولے کی تلاش ہے، ہمارے پیچھے آنا پڑے گا۔

اس موقع پر شیعہ علماء کونسل ضلع گلگت کے صدر مولانا شیخ شہادت حسین و دیگر کے خطاب کے بعد دھرنے کے شرکاء  مسرت و شادمانی کیساتھ پرامن طور پر اپنے اپنے گھروں کی طرف لوٹ گئے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں 9 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر گذشتہ 11 روز سے پورے گلگت بلتستان میں پرامن احتجاجی دھرنے جاری تھے جبکہ مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر جماعتوں نے ملک بھر میں اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی کیمپ بھی لگائے تھے۔ اس پوری احتجاجی تحریک کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مظاہرین نے پرامن اور منظم احتجاج کرکے حقیقی معنوں میں ایک باشعور اور منظم قوم ہونے کا عملی ثبوت دیا۔
خبر کا کوڈ : 376820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
عوامی ایکشن کمیٹی نے وزیراعلٰی اور اسکے وزراء کا منہ عوام کے سامنے کالا کر دیا ہے، یہ حقیقت اب پوری قوم پر واضح ہوچکی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے نہیں وفاق کے دلال نمائندے ہیں۔
ہماری پیشکش