0
Friday 9 May 2014 17:47

الطاف حسین پر آنچ آئی تو کراچی بھڑک اٹھے گا جسے کوئی بجھا نہیں سکے گا، ایم کیو ایم

الطاف حسین پر آنچ آئی تو کراچی بھڑک اٹھے گا جسے کوئی بجھا نہیں سکے گا، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ایم کیو ایم کے خلاف اپنی متعصبانہ اور جھوٹی رپورٹ میں سچ ہے تو ایم کیو ایم کے احتجاجی مظاہرے کے اسٹیج سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات پیش کرے، شہر کراچی کے عوام نے احتجاجی مظاہرہ کرکے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جھوٹی رپورٹ کا جواب دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سازش کی جارہی ہے، عالمی طاقتیں پوری دنیا کو نو آبادیاتی نظام کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں ہم اس ایجنڈے اور منصوبے کے درمیان رکاوٹ ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل ہمارے خلاف عالمی سازش کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایم کیو ایم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم کیو ایم کے شہید کارکنان کے لواحقین اور لاپتا کارکنان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف ہونے والی ہر سازش ہر دور میں ناکام ہوئی ہے اور اس مربتہ بھی ناکام ہوگی۔ کراچی الطاف حسین کے ساتھ دھڑکتا ہے اگر الطاف حسین پر آنچ آئی تو یہ شہر بھڑک بھی سکتا ہے، جسے پھر کوئی نہیں بجھا سکے گا۔ جانثار کارکنان الطاف حسین کے کہنے پر صبر کے گھونٹ پی لیتے ہیں ان کی آنکھوں میں خون اتر بھی سکتا ہے، یاد رکھا جائے کہ الطاف حسین کو ختم کرنے والے ہی ختم ہوئے لیکن الطاف حسین اور ان کے مشن کو ختم نہیں کیا جاسکا۔

رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ مسترد کرتی ہے، ریکارڈ کی درستی کیلئے ضروری ہے کہ حقائق بیان کیے جائیں، ڈیڑھ سال پہلےایک ٹی وی پروگرام میں بریگیڈیئر امتیاز نے چشم کشا انکشافات کئے کہ ایم کیو ایم جناح پور بنانے کی کسی سازش میں کبھی ملوث نہیں رہی مگر جان بوجھ کر ایم کیو ایم کے سر پر یہ الزام تھوپا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان 1994ء سے لاپتا ہیں، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے تسلیم کیا کہ ایم کیو ایم کے 28 لاپتا کارکنان قتل کرکے مارگلہ کی پہاڑیوں میں دفن کردیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانبدارانہ اور متعصبانہ رپورٹ کے خلاف ہزاروں افراد سراپا احتجاج ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی نے کہا کہ جاگیرداروں اور وڈیروں کے کہنے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل ایم کیو ایم کے خلاف بے بنیاد اور زہریلا پروپیگنڈا کررہی ہے، ایم کیو ایم پر ہونے والے مظالم کے خلاف ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کبھی کوئی رپورٹ شائع نہیں کی۔

صوبائی مشیر عبد الحسیب نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے میں ایم کیو ایم کے شہید و لاپتا کارکنان کے اہل خانہ کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھوٹی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کو اپنی بے بنیاد اور غلط رپورٹوں کا جواب دینا ہوگا۔ صوبائی وزیر رؤف صدیقی نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بے بنیاد اور جھوٹی رپورٹ کو الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے مسترد کرتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ ایمنسٹی کا انٹرنیشنل ایجنڈا ہے اور ان کی رپورٹ کبھی ظالموں کے خلاف شائع نہیں ہوتی، ایم کیو ایم لیاری سیکٹر کے لاپتا کارکن ارشاد کی صاحبزادی نے کہا کہ 2 اکتوبر 2013ء کو رینجرز اہلکاروں نے میرے والد کو گرفتار کیا، ہم رینجرز ہیڈ کوارٹر جاتے ہیں تو ہمیں ڈرایا دھمکایا جاتا ہے کہ آپ چلے جائیں نہیں تو ہم آپ کو بھی پکڑ لیں۔
خبر کا کوڈ : 380819
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش