0
Wednesday 28 May 2014 18:33

سندھ حکومت کے امن کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، علامہ فرقان حیدر عابدی

سندھ حکومت کے امن کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، علامہ فرقان حیدر عابدی
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما اور معروف ذاکر اہل بیت علامہ فرقان حیدر عابدی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی نے عوام کو مفلوج کر دیا ہے، کراچی کے شہری اب اپنی زندگی موت کی طرح گزار رہے ہیں، سندھ حکومت کے امن کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، کوئی امن قائم نہیں ہوا ہے، ہم اپنے شہیدوں کی روزانہ کی بنیاد پر لاشیں اٹھا رہے ہیں، کسی کو کچھ پتا نہیں ہے کہ وہ گھر پہنچے گا بھی یا نہیں، سیاست دان جلسے اور دوروں میں مصروف ہیں، کیا دورے کرنے سے ملک میں امن آتا ہے، ملک میں بجلی، گیس موجود نہیں ہے اور حکمران حکومت چلانے کی باتیں کر رہے ہیں، جو حکمران اپنے عوام کو روٹی کپڑا نہیں دے سکتے وہ ملک کیسے چلائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں امن قائم ہو، فرقہ واریت کا خاتمہ ہونا چاہیئے، اس ملک میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں، ملت جعفریہ اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھلا سکتی۔ وہ خیرپور میں گنج شہیداں ٹرسٹ کی جانب سے گنج شہیداں ہال میں شہداء کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی فسادات نہیں ہیں، ایک مخصوص گروپ کی جانب سے فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔

علامہ فرقان حیدر عابدی نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے ہمارے ڈاکٹروں، انجینئروں، وکلاء اور عالموں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے افراد کی شرکت اس بات کی واضح دلیل ہے کہ تمام فرقے ہمارے ساتھ ہیں اور تمام افراد اتحاد بین المسلمین کے قائل ہیں۔ کانفرنس کے دوران قراردادیں منظور کی گئیں کہ خیرپور میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور بھتہ خوری کو روکا جائے۔ سید احسان شاہ، میر منظور تالپور، مولانا یونس چانڈیو اور دیگر شہداء کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، خیرپور میں اغوا برائے تاوان، لوٹ کھسوٹ اور دیگر جرائم کا خاتمہ کیا جائے، بے گناہ اہل تشیع کے خلاف درج کیے گئے جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ کانفرنس سے سید مستجاب حیدر عابدی، گنج شہداء ٹرسٹ کے صدر محبوب مصطفیٰ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ٹرسٹ کی کارکردگی بیان کی۔
خبر کا کوڈ : 387213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش