0
Monday 9 Jun 2014 09:11

مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سفارتی مشن کو متحرک کیا جائے، عبدالرشید ترابی

مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سفارتی مشن کو متحرک کیا جائے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے ترکی میں پاکستان کے سفیر ہاروں شوکت سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت ملکی اور بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی بحیثیت مسئلہ کشمیرکے فریق اور وکیل کے ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سفارتی مشن کو متحرک کرے اور طوفانی مہم منظم کرے۔ مودی کے آنے سے خطے میں کشیدگی بڑھ گی ہے مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں اضافے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں حملے کے خدشے کے پیش نظر نئی صف بندی وقت اور حالات کا تقاضا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نریند مودی پاکستان، کشمیر اور مسلم دشمنی کا مینڈیٹ لے کر آیا ہے اس کا ماضی شاہد ہے کہ اس نے کس طرح مسلمانوں کا قتل عام کروایا ہے، وہ اپنے عزائم کھلے بندوں بیان کر رہا ہے۔ ہمیں کسی دوستی کے سیراب میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔ دشمنوں کے عزائم کو سامنے رکھتے ہوئے صف بندی اور لائحہ عمل طے کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری کسی مذاکراتی عمل کے مخالف نہیں ہیں وہ امن چاہتے ہیں اور عالمی برادری کی ضمانت پر انھوں نے ہتھیار رکھے تھے اور وہ عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ ان کے لیے کیا کرتی ہے۔ یہ جو پانچ لاکھ کشمیری جان سے گئے ہیں یہ خون بھی عالمی برادری کے سر ہے۔

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان دنیا کو گمراہ کرنے کی سازش کر رہا ہے مگر دنیا میں کوئی ایک ملک بھی ایسا نہیں ہے جو اس کی اس رٹ کو بھی تسلیم کرے کہ کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے۔ انھوں نے سفیر کو بتایا کہ عالمی کانفرنس کے موقع پر 75ممالک کا متفقہ طور پر قرارداد منظور کرنے کا مطلب یہ ہے کہ عالمی سطح پر ہمارے لیے حمایت موجود ہے مگر اس حمایت کو کسی فریم ورک میں لانا اور اس کے ذریعے ہندوستان پر دباؤ بڑھانا یہ حکومت کا کام ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے اثروروسوخ کے ذریعے حالات کو ساز گار کریں، پوری دنیا کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے موقف کے ساتھ ہے۔ عالمی برادری کے سامنے ہندوستان نے عہد کیا ہوا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق دے گا۔ اس موقع ترکی میں پاکستان کے سفیر ہارون شوکت نے عبدالرشید ترابی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا قیام خوش آئند ہے، کشمیری خود اپنا مسئلہ دنیا کے سامنے پیش کریں تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔
خبر کا کوڈ : 390345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش