0
Tuesday 10 Jun 2014 23:01

کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا

کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے جس کے تحت حساس مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی جی سندھ اقبال محمود کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس کو ریڈ الرٹ کرکے حساس مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ آئی جی سندھ کے مطابق حساس مقامات اور اہم عمارتوں کے لئے پلان تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر حساس مقامات پر کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ مساجد، امام بارگاہوں، شاپنگ سینٹرز اور دیگر مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ 

آئی جی سندھ اقبال محمود کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے جبکہ سینٹرل جیل کی سکیورٹی کو بھی مزید بہتر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب کمشنر کراچی ایڈمنسٹریٹر اور آئی جی جیل خانہ جات نے سنٹرل جیل کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے جیل حکام کو سکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے لئے ہدایات دیں۔ واضح رہے کہ 8 جون کو کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کے بعد آج پھر دہشت گردوں کی جانب سے اے ایس ایف کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 390893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش