0
Sunday 22 Jun 2014 00:09

طاہر القادری کی جان کو خطرات ہیں، خفیہ اداروں کی رپورٹ

طاہر القادری کی جان کو خطرات ہیں، خفیہ اداروں کی رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد پرخفیہ اداروں اور راولپنڈی پولیس کا اہم اجلاس ہوا۔ خفیہ اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ طاہر القادری کی جان کو خطرات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر آمد اور قافلے کی صورت میں لاہور تک جانے پر خفیہ اداروں اور راولپنڈی انتظامیہ کے درمیان مشاورت ہوئی۔ خفیہ اداروں کی طرف سے انتظامیہ کو دی جانے رپورٹ میں اسلام آبا میں ائیرپورٹ سے لاہور تک دیئے جانے والے روٹ میپ کو بھی دیکھا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا اسلام آباد ائیرپورٹ سے لاہور تک بذریعہ زمینی سفر سکیورٹی کے پیش نظر ٹھیک نہیں ہے، اگر طاہر القادری جی ٹی روڈ پر سفر کرنا چاہتے ہیں تو ان کو فل پروف سکیورٹی دینا ہوگی۔ رپورٹ میں گوجر خان، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور تک لگائے جانے والے استقبالیہ کیمپ اور اس کے اطراف کی سکیورٹی کو بھی سخت کرنا ہو گا۔ خفیہ اداروں نے ڈاکٹر طاہر القادری کا اسلام آباد سے لاہور تک کا زمینی سفر غیر محفوظ قرار دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق منہاج القرآن کے سربراہ کو پاکستان آمد پر شدید سکیورٹی خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر آمد خطرے سے خالی نہیں ہے۔ خفیہ اداروں نے طاہر القادری کو درپیش سکیورٹی خدشات سے پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق منہاج القرآن کے سربراہ کا اسلام آباد سے لاہور تک کا سفر خطرناک ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارکنوں کو طاہر القادری کے استقبال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پولیس نے منہاج القرآن کی مقامی قیادت کو سکیورٹی صورتحال سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس رینجرز کیساتھ مشترکہ طور پر سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہو گی۔ جڑواں شہروں کے دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار ایکسپریس وے پر تعینات ہونگے جبکہ ائیر پورٹ آنے والے راستوں کو سیل کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔
خبر کا کوڈ : 394161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش