0
Monday 7 Jul 2014 20:07
پاکستان کو دہشتگردی کی لعنت سے نجات دلا دینگے

دہشتگردوں کو پورے ملک میں تلاش کرکے انہیں ختم کرینگے، جنرل راحیل شریف

فوج دہشتگردوں اور انکی کمیں گاہوں کا خاتمہ کر دے
دہشتگردوں کو پورے ملک میں تلاش کرکے انہیں ختم کرینگے، جنرل راحیل شریف
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور فوجیوں سے کہا کہ وہ مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کی کمیں گاہوں کا مکمل خاتمہ کر دیں۔ فوجیوں سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پورے ملک میں تلاش کرکے انہیں ختم کریں گے، ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلا دیں گے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں اگلے مورچوں پر لڑنے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ نے انہیں آپریشن ضربِ عضب پر تفصیلی بریفنگ دی۔ میران شاہ میں بہادر فوجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کی دلیری، پیشہ ورانہ لگن اور مورال کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن کے آغاز سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جنرل راحیل شریف نے آپریشن کی منصوبہ بندی، تیاری، مسلح دستوں کی نقل و حرکت اور فوجی کارروائی میں حصہ لینے والی پوری چین آف کمانڈ کی پرعزم کوششوں کی تعریف کی۔
جنرل راحیل شریف نے افسران اور جوانوں پر ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کی کمیں گاہوں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے۔ آپریشن کے مقاصد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک پورے ملک میں انہیں تلاش کرکے ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف نے آپریشن کے لیے پوری قوم کی حمایت کی تعریف کی اور وعدہ کیا کہ اس غیر متزلزل قومی عزم کے نتیجے میں ہم اپنا مشن پورا کریں گے اور پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلا دیں گے۔ انہوں نے شہید اور زخمی ہونے والے فوجیوں کو خاص طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ریاست کی رٹ بحال کرنے کے لیے علاقے سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی قربانیوں کو سراہا اور اس بات کی تعریف کی کہ ملک بھر سے انکے لیے مدد آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنے قبائلی بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور انہیں ریلیف پہنچانے کے لیے حکومت اور مختلف تنظیموں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اس سے پہلے میران شاہ پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے کیا۔

  




خبر کا کوڈ : 397908
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش